کھیل
Time 21 اگست ، 2017

سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان کا اعلان


پاکستان کرکٹ بوڑ کے چیرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی جب کہ اکتوبر کے آخر میں سری لنکن ٹیم پاکستان آئے گی۔

 چیرمین پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی نومبر میں پاکستان آئے گی اور مہمان ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔

چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئندہ 72 گھنٹے میں ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔

چیرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ اور انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان لانا ہدف تھا جب کہ سری لنکا کو دورہ پاکستان کے لئے منانا بہت مشکل تھا لیکن لنکن بورڈ نے دلیری کے ساتھ فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان آئیں گے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اور سی پی ایل سے بات ہوچکی ہے وہ دورہ پاکستان پر خوش ہیں۔

چیرمین پی سی بی نے کہا کہ کراچی اور لاہور کی بحث میں نہ پڑیں، جو لوگ پاکستان آرہے ہیں انہیں آنے دیں، خواہش ہے کہ پی ایس ایل کے لئے لاہور کے بعد کراچی جائیں اور اس سلسلے میں کراچی جاؤں گا جہاں وزیراعلیٰ، کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز سے ملاقات ہوگی۔

نجم سیٹھی کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے مثبت جواب مل رہا ہے اور سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

چیرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ نومبرکے شروع میں ڈومیسٹک ٹی 20 کا انعقاد ہوگا۔

مزید خبریں :