اعتماد ہے دہشتگرد دوبارہ سر نہیں اٹھا سکیں گے، میجر جنرل آصف غفور

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفورکا کہنا ہے کہ اعتماد ہے کہ دہشت گرد دوبارہ سر نہیں اٹھا سکیں گے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیت کےمطابق ہم نے مرحلہ وار کلیئرنس کا کام شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 2007ء اور 2008ء میں 5ایجنسیز دہشت گردی کی لپیٹ میں تھیں، فاٹا ایجنسیز کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عمل مرحلہ و ار شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ باجوڑ کو دو بار دہشت گردوں سے پاک کرنے کا آپریشن کیا گیا،افغان فورسز کے لیے ہماری طرف سے مکمل رابطہ اور تعاون رہا۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے تعاون کریں گے،افغانستان میں مستقل امن کی ذمے داری افغان فورسز کی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے جو کام کرنے تھے وہ ہم نے اپنی طرف مکمل کرلیے ہیں،ہم نے اپنی طرف بارڈر مینجمنٹ کا کام شروع کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ باجوڑ، مہمند ایجنسی اور سوات کو مرحلہ وار کلیئر کیا،پاک فوج اور دیگر فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں اب کسی دہشت گرد تنظیم کی پناہ گاہ اور تربیتی مرکز نہیں، سی ٹی ڈی سمیت تمام اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف مل کر کام کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ٹی ٹی پی باجوڑ گروپ کے دہشت گردوں نے راولپنڈی کی مسجد پر حملہ کیا، اسے جلایا، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 1947ء سے اب تک کسی بھی انکوائری کو اوپن کرنے کا اختیار حکومت کا ہے،فاٹا سمیت پاکستان کے کسی بھی حصے میں انٹرنیشنل کرکٹ ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :