دنیا
Time 22 اگست ، 2017

عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے: چین

چین نے امریکا پر واضح کیا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان کی انسداد دہشت گردی اقدامات کو تسلیم کرنا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنینگ نے امریکی صدر کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان فرنٹ لائن پر رہا اور پاکستان نے اس جنگ میں عظیم قربانیاں اور تعاون پیش کیا۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برداری کو پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مکمل طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ خطے اور عالمی امن اور استحکام کے لئے امریکا اور پاکستان کے تعاون پر چین مطمئن ہے جب کہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی پالیسیاں خطے اور افغانستان کے استحکام اور ترقی کے لئے ہوں گی۔

چینی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ چین اور پاکستان قریب دوست ہیں جن کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعلقات ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج پاکستان، افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق اپنی نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا پالیسی اعلان کے موقع پر خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔

پاکستان کے خلاف سخت رویہ اپناتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے پاکستان کو فائدہ اور دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں بھارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں بھارت کے کردار کے معترف ہیں اور چاہتے ہیں کہ بھارت افغانستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرے۔

مزید خبریں :