پاکستان میں ورلڈالیون کی قیادت کیلئے آملہ، ڈوپلیسی سے بات چیت

فاف ڈوپلیسی (دائیں) اور ہاشم آملہ (بائیں) — فائل فوٹو

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کی قیادت کے لیے جنوبی افریقن کھلاڑیوں ہاشم آملہ اور فاف ڈوپلیسی سے بات چیت جاری ہے۔

ورلڈالیون ستمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کے شہر لاہور کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

جنوبی افریقا کے دونوں مذکورہ کھلاڑی پہلے ہی پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈالیون میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔

کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی قیادت کے لیے ہاشم آملہ اور فا ڈوپلیس سے بات چیت جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا اعلان کیا اور کہا کہ ورلڈالیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کھیلنے والے 7 ممالک کے 15 کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور وہ آئندہ 72 گھنٹوں میں ان کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے انڈیپینڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے سابق کپتان پال کولنگ ووڈ بھی ورلڈ الیون میں شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے 3 مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم کی بس پر حملے کے بعد سے بند ہیں اور زمبابوے واحد ٹیم ہے جس نے 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا۔

اس برسوں کے دوران پاکستان نے اپنی بیشتر ہوم سریز متحدہ امارات میں کھیلیں جب کہ پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن مکمل اور دوسرا ایڈیشن کے سیمی فائنلز تک کے تمام مقابلے بھی وہیں ہوئے ۔

تاہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے کی امید ایک مرتبہ پھر اس وقت روشن ہوئی جب پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کئی غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں :