حکومت کا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا اعلان کردیا ہے۔

جیونیوز کےمطابق قومی اسمبلی میں انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے دوران وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا اعلان کیا۔

زاہد حامد نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 میں نااہلی کی مدت کا کوئی ذکر نہیں، نااہلی کی مدت 5 سال سے بھی کم ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں اس حوالے سے ترمیم کرے گی، ہم یہ آئینی ترمیم کمیٹی میں لے کر جائیں گے جہاں تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی یہ ترمیم کی جائے گی۔

بعد ازاں میڈیا بریفنگ میں زاہد حامد کا کہنا تھا کہ ابھی آرٹیکل 62 اور 63 پر بات ہونی ہے اور اتفاق بھی ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا فیصلہ نواز شریف کی نااہلی سے پہلے ہوا تھا۔

واضح رہےکہ پاناما کیس میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ہی نااہل قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :