نظر ثانی اپیل پر فیصلے تک پیش نہیں ہوسکتا، ڈار کا نیب کو جواب

لاہور: وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے نیب لاہور میں اپنا تحریری جواب جمع کرادیا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے آج وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو طلب کیا تھا جس کے لیے انہیں نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا تاہم اسحاق ڈار نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

جیونیوز کے مطابق اسحاق ڈار نے نیب لاہور کو اپنا تحریری جواب جمع کرادیا جس میں پیش نہ ہونے کی 12 وجوہات بیان کی گئی ہیں۔

اسحاق ڈار نے اپنے جواب میں کہا کہ نیب پہلے ہی میری پوری زندگی پر انکوائریاں کرچکا ہے اور آخری انکوائری 15جولائی 2016 کو ثبوت نہ ہونے پر بند کی گئی جب کہ ساری انکوائریز کے ثبوت و رکارڈ بشمول دستاویزات جواب کے ساتھ جمع کرائی جارہی ہیں۔

جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دے چکا ہوں اور درخواست پر فیصلہ آنے تک پیش نہیں ہوسکتا۔ اسحاق ڈار نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ میرے بنیادی حقوق کا سپریم کورٹ میں خیال نہیں رکھا گیا۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام ہے اور پاناما کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کے خلاف بھی نیب ریفرنس کا حکم دے رکھا ہے۔

مزید خبریں :