کرن جوہر کنگ خان کے پہلے مہمان بنیں گے

بالی وڈ کے معروف ہدایت کار کرن جوہر اپنے قریبی دوست شاہ رخ خان کے نئے ٹاک شو ’ٹیڈ ٹاک انڈیا: نئی سوچ‘ میں پہلے مہمان بنیں گے۔

شاہ رخ خان سلور اسکرین پر بے انتہا کامیابیاں سمیٹ چکے ہیں تاہم انہوں نے فنی کیرئیر کا آغاز چھوٹی پردہ اسکرین سے کیا۔

کنگ خان بڑے پردے کے علاوہ چھوٹی اسکرین پر بھی جلوہ گر ہوتے رہے ہیں اور کئی شوز کی میزبانی کرچکے ہیں۔ 

ان کے کامیاب شوز میں ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ ، ’کیا آپ پانچویں پاس سے تیز ہیں؟‘ اور ’انڈیا پوچھے گا سب سے شانا کون؟‘ شامل ہیں۔

کرن جوہر اور کپل شرما سمیت کئی معروف میزبان اپنے شوز کی ٹی آر پی بڑھانے کے لیے کنگ خان کو مدعو کرتے ہیں لیکن اب کرن جوہر، شاہ رخ خان کے میزبان بنیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نئے شو کے ساتھ ایک بار پھر چھوٹی اسکرین پر واپسی کررہے ہیں اور جلد ہی ’ٹیڈ ٹالک انڈیا: نئی سوچ‘ شو کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے جب کہ شو کے پہلے مہمان ہدایت کار کرن جوہر ہوں گے جو کہ اپنی زندگی کے تجربات سے آگاہ کریں گے۔

’ٹیڈ ٹالک شو‘ دنیا بھر میں مقبول ہے جس میں نامور شخصیات اپنی زندگی کی کامیابیوں اور تجربے سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہیں۔

کنگ خان کا نیا شو 14 اقساط پر مشتمل ہوگا جس کی ریکارڈنگ شروع کردی گئی ہے۔ یہ شو  ستمبر سے اسٹار پلس چینل پر نشر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :