کراچی میں گرج چمک کیساتھ بارش،ہلاکتوں کی تعداد7ہو گئی

کراچی کے علاقے گلشن حدید، ملیر،شارع فیصل کالونی ،لانڈھی ،کورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

تیز بارش کے ساتھ بجلی کی شدیدگرج چمک سے ہیبت ناک سماں بندھ گیا۔ریسکیوذرائع کے مطابق بلدیہ ٹائون غازی گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا،جس کے بعد کراچی میں گزشتہ روز بارش سے جاںبحق ہونے والے افراد کی تعداد7ہو گئی ہے۔

بارش ہوتے ہی بیشتر علاقوں کی بجلی حسب سابق غائب ہو گئی، جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔

تیز ہواؤں کے ساتھ گزشتہ روز اور آج صبح کی بارش نے کراچی کو پہلے ہی کیچڑ کیچڑ کردیا ہے، شہر میں جگہ جگہ درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے، کچے گھروں کی چھتیں اڑگئیں، کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 11زخمی ہوگئے۔

سڑکوں پر رات بھر پانی جمع رہا، شام تک پانی کو نکالنے کی کوششیں جاری رہیں، جہاں بجلی گئی وہاں گھنٹوں بعد واپس آئی۔

کراچی میں جو گزشتہ رات بادل جوش میں آئے، تو گھنگھور گھٹائیں گرجیں بھی اور برسیں بھی، طوفانی ہواؤں اور کڑکتی بجلی نے بھی خوب ساتھ نبھایا۔

آج کا سورج بھی عوام کے لیے سہانا موسم لے کر طلوع ہوا، ذرا دن چڑھا تو گلشن اقبال، ملیر، گلستان جوہر، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور دیگر علاقوں میں دوبارہ بارش ہوئی۔

دس سے پندرہ منٹ کی بارش کےدوران گلشن حدید میں 8 اور ناظم آباد پاپوش میں 3٫5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے مزید 4گھنٹے جاری رہ سکتا ہے،تاہم بارش کا یہ نظام بتدریج کم ہوجائے گا۔

کراچی میں اس وقت شمال مغربی علاقوں سے ہوائیں 24سے 45کلومیٹر فی گھنٹہ کے رفتار سے چل رہی ہیں

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اکثر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ کل بھی بادل برس سکتے ہیں۔

مزید خبریں :