کھیل
Time 23 اگست ، 2017

نیوزی لینڈ کے جیمی نیشم کا نام بھی ورلڈ الیون ٹیم میں شامل

دورہ پاکستان کے لئے ورلڈ الیون میں شمولیت کے لیے نیوزی لینڈ کے کرکٹر جیمی نیشم کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔

اگلے ماہ ستمبر میں ورلڈ الیون کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لئے پاکستان آئے گی جب کہ پی سی بی کی جانب سے چند روز میں کھلاڑیوں کے حتمی ناموں کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔

نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق ورلڈ الیون میں شمولیت کے لیے نیوزی لینڈ کے تین کرکٹرز سے رابطہ کیا گیا تھا جن میں سے جیمی نیشم سے معاملات طے پاچکے ہیں۔

میڈیا کے مطابق جیمی نیشم کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی درکار ہے جب کہ انہیں دورہ پاکستان کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش کی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کے میڈیا کے مطا بق سابق کیویز کپتان ڈینیئل ویٹوری نے ورلڈ الیون میں شمولیت سے انکار کردیا تاہم آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ نے ابھی پاکستان جانے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا کیوں کہ وہ ان دنوں انگلینڈ میں کھیلے جانے والی کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ماہ ستمبر میں آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کی میزبانی لاہور میں کرےگا جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ 

جنوبی افریقا کے کرکٹر ہاشم آملہ اور عمران طاہر ورلڈ الیون ٹیم کا ممکنہ طور پر حصہ ہوں گے جب کہ پی سی بی نے ورلڈ الیون کی کپتانی کے لئے فاف ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ سے رابطہ کیا تھا۔

مزید خبریں :