کھیل
Time 23 اگست ، 2017

ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے کرکٹ کو فروغ ملے گا، وقار یونس

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور کوچ وقار یونس جیو نیوز کے مارننگ شو  'جیو پاکستان' کے خصوصی مہمان بنے جن کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی سے دیگر ٹیموں کو ہماری طرف دیکھنے کا موقع ملا  اور ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی کامیابی سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو فروغ ملے گا۔

وقار یونس نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی قومی کرکٹ ٹیم کے لئے بڑی کامیابی ہے لیکن اس پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان میں لانے کے لئے مزید ایونٹ جیتنا ہوں گے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کو اچھا بنانے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر پچز کو عالمی معیار کے مطابق کرنا ہوگا تاکہ پاکستان میں کرکٹ بہتر طور پر کھیلی جاسکے۔ 

وقار یونس سے  ان کے پسندیدہ گراؤنڈ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کا پسندیدہ گراؤنڈ نیشنل اسٹیڈیم کراچی ہے لیکن ان کے لئے یادگار قذافی اسٹیڈیم ہے کیونکہ وہاں انہوں نے اپنی اہلیہ سے پہلی بار ملاقات کی۔

اہلیہ سے پہلی ملاقات کا قصہ سناتے ہوئے وقار یونس نے بتایا کہ وہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں موجود تھے جب انہوں نے گلابی رنگ کا دوپٹہ اوڑھے ایک لڑکی کو دیکھا جن پر وہ اپنا دل ہار گئے اور انہوں نے انہیں دیکھتے ہی عاقب جاوید کو کہا کہ وہ ان سے شادی کرنے والے ہیں اور یہ بات حقیقت ثابت ہوگئی۔ 

وقار یونس نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اس وقت فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھیں اور وہ ایک ڈاکٹرز کے گروپ اور اپنے اساتذہ کے ساتھ کرکٹرز سے ملاقات کے لئے آئیں۔

وقار یونس سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کے بچے کرکٹ کھیلنے کے شائق ہیں، تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کو کرکٹ کا کوئی شوق نہیں البتہ ان کا بیٹا بہترین ایتھیلیٹ ہے۔

وقار یونس سے پاکستان کے مشہور بلے باز فواد عالم کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں فواد عالم کے لئے کافی دکھ ہوتا ہے یہ یونس خان اور مصباح الحق کے بعد شاندار مڈل آرڈر بلے باز ہے جو ٹیسٹ کرکٹ میں یونس اور مصباح کی خلا پر  کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ بابراعظم ، عمر امین اور حارث سہیل لیجنڈ کرکٹر یونس خان اور مصباح الحق کی جگہ نا لے سکیں لیکن ان کے پاس صلاحیت ہے کہ وہ کرکٹ ٹیم میں ان کی کمی ضرور ختم کرسکتے ہیں۔  

مزید خبریں :