کھیل
Time 23 اگست ، 2017

عمر اکمل نے پی سی بی کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا

لاہور: قومی کرکٹر عمر اکمل نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے تنازع کے معاملے پر پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا۔

عمر اکمل نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر چیف سلیکٹر کے سامنے گالیاں دینے کا الزام عائد کیا تھا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ ان کے ساتھ نا انصافی کررہے ہیں۔

کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں، انہیں صرف کارکردگی بہتر بنانے کا کہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کے ہیڈ کوچ پر الزامات کے بعد کرکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس کا جواب آج انہوں نے جمع کرادیا ہے۔

قومی کرکٹر عمر اکمل اب بھی اپنے الزامات پر قائم ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ شوکاز نوٹس میں جو کچھ پوچھا گیا تھا سب کچھ شامل کردیا ہے، پی سی بی اور چیرمین سے پوری امید ہے کہ اچھا نتیجہ دیں گے جب کہ پی سی بی اور چیرمین جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قبول کروں گا۔

عمر اکمل نے کہا کہ  تین چار سال سے ان کے ساتھ زیادتیاں ہورہی ہیں جو برداشت کررہا تھا، اور اب جو میرے ساتھ بدتمیزی کی گئی یہ ناقابل برداشت ہوچکا تھا جس وجہ سے میڈیا پر بات کی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عمر اکمل نے اپنا جواب جس وقت جمع کرایا اس وقت چیرمین پی سی بی، ڈائریکٹر اور چیف سلیکٹر ایک اہم میٹنگ میں مصروف تھے۔

واضح رہےکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بھی عمر اکمل کے ہیڈ کوچ پر الزامات کی تردید کی تھی جب کہ عمر اکمل کو اس س قبل بھی کئی بار ڈسپلن کی خلاف ورزی کا سامنا رہا ہے۔

2014 میں عمر اکمل کا ایک ٹریفک وارڈن سے جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد وہ ایک دن تک تھانے میں بند رہے تھے۔

مزید خبریں :