سندھ حکومت نے کرپشن کیخلاف بہترین بل پیش کیا، صوبائی وزیرداخلہ

کراچی: صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کا کہناہے کہ سندھ حکومت نے کرپشن کے خلاف بہترین بل پیش کیا۔

سندھ حکومت کا نیب آرڈیننس کے خاتمے کے لیے قانون سازی کا بل ہائیکورٹ میں چیلنج ہے اور عدالت نے کیس میں اپنا حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے نیب کو کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

جب کہ سندھ حکومت نے صوبے میں نیب کیسز میں ملوث افسران کو عہدوں پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے اپنی حکومت کے بل کی حمایت کی اور کہا کہ یہ کرپشن کے خلاف ایک بہترین بل ہے تاہم کہیں کرپشن ہوئی ہے تو اس کا سدباب کیا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی کے سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں جرائم کی شرح کئی ممالک سے کم ہے جب کہ شہر میں جاری آپریشن میں پاک فوج کی مدد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں کسی سے عیاں نہیں۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی تربیت میں پاکستان آرمی کے شکرگزار ہیں، سندھ پولیس عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے مختلف شعبوں کی تنخواہوں میں دگنا اضافہ کیا ہے، پولیس کے شہدا کے ورثا کا معاوضہ کروڑروپے کردیا ہے، قربانیاں دینے والوں کے لیے حکومت بہت کچھ تو نہ کرسکی لیکن تھوڑا بہت کیا ہے۔

مزید خبریں :