دنیا
Time 24 اگست ، 2017

چین میں 'ہیٹو' نامی طوفان نے تباہی مچا دی، 12 افراد ہلاک

چین کے جنوبی حصے میں 'ٹائیفون ہیٹو' نامی طوفان نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔

چین کے صوبے گونج ڈوگ کے شہر زوہائی میں طوفانی بارشوں اور ہواؤں نے سیلاب کی صورت اختیار کرلی جس کے نتیجے میں متعدد درخت اکھڑ گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

چینی سرکاری ٹی وی کے مطابق ہیٹو طوفان سے متاثرہ جنوبی علاقوں سے تقریبا 27 ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے جب کہ لینڈ سلائڈنگ، سیلاب اور دیگر جیولوجیکل تباہی سے متعلق پہلے ہی الرٹ جاری کردیا گیا تھا۔

ہانگ کانگ میٹرولوجیکل حکام کے مطابق ہیٹو نامی طوفان میں تقریبا 175 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

حکام کے مطابق طوفان کے باعث میکوا کے علاقے میں 8 اور مین لینڈ چائنہ کے علاقے میں 4 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ تجارتی اور تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔

شہر میں مختلف ٹرین اسٹیشن بند کردیئے گئے اور ایئرپورٹ پر پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ جاپانی زبان میں ہیٹو کا مطلب کبوتر ہے اور ہانگ کانگ حکام کا کہنا ہے کہ ہیٹو کی تباہ کاریاں ویسٹ ورلڈ این لینڈ میں جاری ہیں تاہم اس کی شدت میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ 

مزید خبریں :