آئندہ انتخابات میں سندھ سے بڑی کامیابی حاصل کریں گے، نوازشریف

لاہور: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا ہےکہ (ن) لیگ آئندہ انتخابات میں سندھ سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔

نوازشریف سے رائے ونڈ میں پاکستان کے سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو مرحوم کے صاحبزادے اسد خان جونیجو نے ملاقات کی جب کہ ملاقات میں شہبازشریف، گورنر سندھ محمد زبیر، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید اور آصف کرمانی بھی موجود تھے۔

میاں نوازشریف سے ملاقات کے دوران اسد خان جونیجو نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا جسے نوازشریف نے خوش آئندہ قرار دیا جب کہ سابق وزیراعظم نے محمد خان جونیجو مرحوم کی سیاسی خدمات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر اسد جونیجو نے نوازشریف کودورہ سندھ کی دعوت دی جو سابق وزیراعظم نے قبول کرلی۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ جلد سندھ کا دورہ کروں گا، پاکستان کی دیگر اکائیوں کی طرح سندھ بہت عزیز ہے، صوبے کے عوام سے بے پناہ محبت کرتا ہے اور جب بھی سندھ گئے عوام نے بہت پیار دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں سندھ سے بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔

اس موقع پر اسد خان جونیجو کا کہنا تھا کہ پاکستان کا استحکام مسلم لیگ (ن) کے استحکام سے وابستہ ہے، نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی،خوشحالی اورسالمیت کےضامن ہیں جب کہ سندھ کے باسی مسائل کے حل کیلیے نوازشریف کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

اس سے قبل نوازشریف کی صدارت جاتی امرا میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، گورنر سندھ محمد زبیر، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، پرویز ملک اور  عمران نذیر نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں حلقہ این اے 120 میں آنے والے صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے ایم پی ایز بھی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کلثوم نواز کی بیماری کے باعث خود انتخابی مہم میں شریک نہ ہونے پر مہم چلانے کی حکمت عملی طے کی گئی۔

واضح رہےکہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں بیگم کلثوم نواز مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں تاہم علاج کے لیے لندن میں موجود ہونے کی وجہ سے وہ خود مہم نہیں چلا سکیں گی۔

مزید خبریں :