مشتاق مہر دوبارہ کراچی پولیس چیف تعینات

کراچی: سندھ حکومت نے مشتاق مہر کو دوبارہ کراچی پولیس چیف کے عہدے پر تعینات کردیا۔

سندھ حکومت نے صرف ایک ماہ بعد ہی کراچی پولیس کے چیف کو تبدیل کردیا اور ایک بار پھر مشتاق مہر کو کراچی پولیس کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔

سندھ پولیس میں 17 جولائی کو بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کیے گئے تھے جس کے تحت کراچی پولیس چیف کے عہدے پر تعینات مشتاق مہر کو ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ لگایا گیا تھا جب کہ ان کی جگہ چیرمین ایٹنی کرپشن کے عہدے پر کام کرنے والے غلام قادر تھیبو کو کراچی پولیس کی سربراہی سونپی گئی تھی۔

جیونیوز کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے مشتاق مہر کی بطور ایڈیشنل آئی جی کراچی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

جب کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کے عہدے پرکام کرنے والے غلام قادر تھیبو کو ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ لگایا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے دونوں پولیس افسران کا ایک دوسرے کی جگہ تبادلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ دونوں افسران کے تبادلے کا فیصلہ سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مشتاق مہر کے دور میں کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں کمی واقع ہوئی تھی اور اسی بنا پر انہیں دوبارہ ایسی عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :