دنیا
Time 24 اگست ، 2017

طالبان جنگ نہیں جیت سکتے، امن عمل کا حصہ بن جائیں، امریکی کمانڈر

افغانستان میں امریکی فوج کی قیادت کرنے والے جنرل جان نیکلسن کا کہنا ہے کہ طالبان امریکا سے جنگ نہیں جیت سکتے اس لئے انہیں چاہیے کہ وہ امن عمل کا حصہ بن جائیں۔

کابل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جنرل جان نیکلسن کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں ناکام نہیں ہوں گے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی بھی امریکا کی طویل المدتی جنگ کی عکاس ہے۔

امریکی فوج کے جنرل نے کہا کہ طالبان ایک جرائم پیشہ گروہ بن چکا ہے اور وہ امریکا سے جنگ نہیں جیت سکتا اس لئے اسے چاہیے کہ امن عمل کا حصہ بن جائے۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ فوج پر افغانستان مشن کو ختم کرنے کے لئے کوئی حتمی ہیڈ لائن نہیں دی گئی اور یہ پالیسی ہمارے عزم کو ثابت کرتی ہے۔

جنرل نیکلسن کا کہنا تھا کہ امریکی اور نیٹو ایڈوائزرز کی جانب سے افغان ایئرفورس اور اسپیشل فورسز کی تربیت کے لئے مختلف پروگرامز کو بڑھایا جائے گا اور مقامی فورسز کو ہر اعتبار سے منظم کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ رواں سال فروری میں جنرل نیکلسن نے کانگریس کو بتایا تھا کہ انہیں افغانستان میں مزید فوجیوں کی ضرورت ہے جب کہ امریکی صدر نے نئی افغان پالیسی میں 4 ہزار فوجیوں کو افغانستان بھیجنے کی منظوری دی تھی۔ 

مزید خبریں :