کھیل
Time 24 اگست ، 2017

عمر اکمل پی سی بی کو شوکاز نوٹس کے جواب سے مطمئن نہیں کرسکے

لاہور: قومی کرکٹر عمر اکمل ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاملے پر شوکاز نوٹس کے جواب میں پی سی بی کو مطمئن نہ کرسکے۔

عمر اکمل نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر چیف سلیکٹر کے سامنے گالیاں دینے کا الزام عائد کیا تھا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ ان کے ساتھ نا انصافی کررہے ہیں۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کیا تھا جب کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بھی عمر اکمل کے الزام کی تردید کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کے ہیڈ کوچ پر الزامات پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس کا جواب گزشتہ روز کرکٹر نے پی سی بی میں جمع کرایا۔

ذرائع کے مطابق عمر اکمل پی سی بی کو شوکاز نوٹس کے جواب میں مطمئن نہیں کرسکے ہیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے  کہ عمر اکمل کو جس بنیاد پر شوکاز نوٹس دیا گیا انہوں نے اس کا جواب نہیں دیا بلکہ اپنے پرانے مؤقف کو دُہرایا جب کہ عمر اکمل پی سی بی کے استقبالیہ پر اپنا جواب جمع کراکے چلے گئے اور کسی افسر سے ملنا تک گوارہ نہیں کیا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق عمر اکمل نے اس پورے تنازع کے دوران کسی بھی آفیشل کو آن بورڈ نہیں لیا اور اپنا مؤقف میڈیا پر لے آئے، اگر وہ اس معاملے میں کسی آفیشل سے ملتے تو شاید ان کی شکایت کا ازالہ کیا جاسکتا۔

پی سی بی ذرائع نے کہا کہ  عمر اکمل کا یہ رویہ غیر مناسب ہے البتہ ان کے پاس سینٹرل کنٹریکٹ نہیں لیکن پھر بھی وہ ایک سال تک کنٹریکٹ کی شقوں کے پابند ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وہ غور کررہے ہیں کہ عمر اکمل کو ایک اور نوٹس جاری کیا جائے یا اس معاملے کو یہیں ختم کردیا جائے۔


مزید خبریں :