ہمایو ں سعید اور فہد مصطفی میں بڑی عید پر بڑا مقابلہ

پاکستانی سینما اسکرین پر دو بڑی فلموں کے درمیان اتنا گھمسان کا مقابلہ شاید پچھلے 15برسوں میں تو نہیں ہوا جتنا عید قرباں پر ہونے والا ہے۔

چھوٹی عید پر بھی باکس آفس پر دو بڑی فلمیں ریلیز ہوئی ”یلغار “ اور ”مہرالنساء وی لب یو“ لیکن اس بار فلم بینوں میں فلمیں دیکھنے کی جو بے چینی ہے وہ اس سے پہلے نہیں دیکھی گئی۔

 یاد رہے ان فلموں میں مہرالنسا ء کامیاب جبکہ یلغار اپنے میگا بجٹ کی وجہ سے فلاپ ہوگئی تھی۔

بڑی عید پر بڑی فلموں کا بڑا مقابلہ

’’نامعلوم افراد 2‘‘ اور’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کے ٹریلر،کاسٹ، عکاسی ،میوزک اور پروڈکشن میں اتنی جان ہے کہ ہالی وڈ فلمیں اور سیریز دیکھ کر پاکستانی فلموں میں کیڑے نکالنے والے یا ان فلموں کو ٹارگٹ کرنے والے بھی ان فلموں کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔

دونوں فلموں کے ٹریلر پاکستانی فلمی تاریخ کے بہترین ٹریلرز میں سے ایک ہیں۔

فلم ’’ نامعلوم افراد 2 ‘‘ کا بجٹ 15کروڑ سے زیادہ ہے  اور یہ فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ اور ’’ایکٹر ان لا ء‘‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کی ٹیم نے بنائی ہے۔ 

فلم میں جاوید شیخ، فہد مصطفی، محسن عباس، عروہ حسین، ہانیہ عامر، نیر اعجاز، سلیم معراج سمیت بڑی کاسٹ اور صدف کنول کا آئٹم سانگ ہے۔

دونوں فلموں کی پروموشن میں ہی کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ہیں کیونکہ فلم کی مرکزی اداکاروں نے فلم کی شوٹنگ سے بھی زیادہ دن فلم کی پروموشن کو دیے ہیں۔

فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی کاسٹ اور بھی بڑی ہے اور بجٹ بھی کچھ زیادہ ہے جس میں ہمایوں سعید، مہوش حیات، عروہ حسین، احمد بٹ، اظفر رحمان، سہیل احمد، نوید شہزاد، صبا حمید اور وسیم عباس کی جوڑی کے ساتھ بہروز سبزواری بھی ہیں۔

یہ ٹیم اس سے پہلے پاکستان کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ”جوانی پھر نہیں آنی“ بنائی ہے لیکن اس بار یہ فلم مکمل طور پر فیملی فلم ہے ۔

عید پر بالی وڈ ریلیز

بالی وڈ کی فلم ”بادشاہو“ بھی عید پر یہاں ریلیز ہوگی جس میں اجے دیوگن، عمران ہاشمی، الیانا ڈی کروز، ایشا گپتا اور سنی لیونی جیسے بڑے اسٹارز اور نصرت صاحب کا کلاسک سانگ ”میرے رشک قمر“ راحت فتح علی کی آواز میں ہے۔

بالی وڈ کی دوسری عید ریلیز ”شبھ منگل ساودھان“ اپنے بہت زیادہ ”بولڈ “موضوع کی وجہ سے شاید یہاں کی فلموں کی کمائی کے کباب میں ہڈی نہیں بنے گی لیکن یہ چھوٹے بجٹ کی فلم اپنے دیس میں بادشاہو کے بزنس میں اچھا خاصا بڑا ”ڈینٹ “ مارے گی۔

ویسے ’’بادشاہو‘‘ کی بڑی عید پر پاکستانی سینماؤں میں ریلیز کی وجہ سے پوچھنے والے پوچھ رہے ہیں کہ اس بار پچھلی عید والا فارمولا کیوں نہیں اپنایا گیا جب یلغار اور مہرالنسا ء کی ریلیز کے وقت زیادہ سے زیادہ اسکرینز دینے کیلئے سلمان خان کی ٹیوب لائٹ کی ریلیز روک دی گئی تھی۔

دونوں فلموں کی پروموشن نہ صرف ملک بھر میں بلکہ بیرون ملک بھی زور شور سے جاری ہے۔ دونوں فلمیں امریکا اور آسٹریلیا میں بھی ریلیز ہونگی لیکن فلم بنانے والوں کا اصل ٹارگٹ برطانیہ اور دبئی والا متحدہ عرب امارات ہے۔

اس عید پر کسی خان ہیرو کی فلم نہیں ریلیز ہونے کا فائدہ پاکستانی فلموں کو ملے گا۔

فلموں کی باکس آفس پر کمائی کی توقع

دونوں فلموں کو بیرون ملک اچھا بزنس کرنا چاہیے خاص طور پر’’ پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کے لیے موقع زیادہ بڑا ہے  اور یہ بھی ممکن ہے کہ فلم بیرون ملک بالی وڈ کی دونوں فلموں سے اسکرینز کے لحاظ سے زیادہ اچھا بزنس کرے۔

دس سال پہلے ریلیز ہونے والی پاکستانی کلاسک اور کامیاب فلم ”خدا کیلئے“ نے برطانیہ میں بڑی بھارتی فلموں کو بری طرح شکست دے کر بڑی کمائی کی تھی۔

دونوں فلموں میں ایک ایک سرپرائز بھی ہے جس میں ’’ نامعلوم افراد 2‘‘ سے مرینہ خان اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گی تو دوسری طرف پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ سے بہروز سبزواری کی اہلیہ سفینہ بہروز اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گی۔ 

سفینہ جاوید شیخ اور سلیم شیخ کی بہن، مومل اور شہزاد شیخ کی پھپھو، شہروز کی امی اور سائرہ شہروز کی ساس بھی ہیں۔

دونوں فلموں کو بڑی سپورٹ بھی حاصل ہے ایک کے پیچھے ایک ٹی وی چینل ہے تو دوسری فلم کو ٹی وی چینل کے ساتھ کچھ سینما مالکان نے بھی تھام لیا ہے۔

پاکستان بھر کے سینماؤں میں پہلے ہفتے میں’’نامعلوم افراد 2‘‘ کا بزنس ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ سے کافی زیادہ رہنے کا امکان ہے لیکن بیرون ملک ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کا پلہ بھاری رہنے کی امید ہے۔

’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ مکمل فیملی فلم ہے لیکن ’’نامعلوم افراد 2‘‘ کو منچلے زیادہ پسند کریں گے کیونکہ اس فلم کے ٹریلر کو سینما اسکرین پر بیٹھے لوگوں نے زیادہ ”انجوائے“ کیا ہے اور یقینا اس فلم میں سیٹیاں اور شور مچانے کی گنجائش زیادہ ہے کیونکہ فلم میں آئٹم سانگ بھی ہیں اور ذومعنی الفاظ بھی اور صرف بالغان والی کامیڈی بھی ۔

اگر پورے خاندان سینما گھروں میں آئے تو ان کی پہلی ترجیح ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ ہی ہوگی۔

کراچی ،لاہور اور اسلام آباد میں بھی شروع میں نامعلوم کا پلہ بھاری رہے گا لیکن فیصل آباد سمیت باقی پنجاب اور حیدر آباد میں ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی لیڈ زیادہ ہوگی۔

دونوں فلموں کی بیرون ملک تشہیری مہم

دونوں فلموں کی پروموشن میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔ برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مختلف شہروں میں فلموں کی مرکزی کاسٹ نے بھرپور حصہ لیا۔

’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ میں تو سہیل احمد صاحب تک لندن تک گئے لیکن نیئر اعجاز نامعلوم افراد 2 کی بیرون ملک پروموشن میں نظر نہیں آئے۔

دونوں فلموں کی پروموشن میں ہی کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ہیں کیونکہ فلم کی مرکزی اداکاروں نے فلم کی شوٹنگ سے بھی زیادہ دن فلم کی پروموشن کو دیے ہیں۔

ہمایو ں سعید اور فہد مصطفی مشکل میں

دونوں فلموں کی ایک اور خاص بات دونوں کے ہیرو ہمایوں سعید اور فہد مصطفی ہیں اور دونوں ٹی وی اسکرین کے سپر اسٹار ہیں فلم میں بھی کامیاب ہیں لیکن ابھی تک فلم میں وہ کامیابی نہیں حاصل کی جو ٹی وی پر دونوں کو حاصل ہے۔

پتا نہیں کیوں یہ لگ رہا ہے کہ دونوں کی ایکٹنگ ایک بار پھر فلم کے باقی اداکاروں کے سامنے کمزور پڑ جائے گی اور اگر جان بوجھ کر ایڈیٹنگ ٹیبل پر دوسرے کرداروں کو کمزور کیا گیا تو فلم کمزور پڑ جانے کا بھی خطرہ ہے۔

پنجاب نہیں جاؤں میں ہمایوں اور مہوش کی کیمسٹری خوب جمی ہے لیکن نامعلوم افراد 2میں ہانیہ اور محسن عباس کا جوڑ کچھ جچا نہیں۔

سہیل احمد اور نیئر اعجاز ہمایوں اور فہد کیلئے خطرہ

’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ میں تو مہوش حیات، نوید شہزاد، احمد بٹ اور سہیل احمد کے کردار اور اداکاری سب کچھ ہیرو پر بھاری نظر آرہی ہے اور کچھ ایسا ہی حال نامعلوم افراد 2 کا ہے جہاں جاوید شیخ، نیئر اعجاز اور سلیم معراج کے کردار فلم کے ہیروز پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔

ایک اور خاص بات ابھی تک دونوں فلم والے ایک دوسرے کی بھی پروموشن کر رہے ہیں تو وہیں ایک دوسرے کیلئے ویڈیو پیغام بنائے جارہے ہیں جن میں ”ایک پپی اِدھر ایک پپی اُدھر“ ہے۔

لیکن شاید یہ پیار محبت ریلیز کے بعد بدل جائے کیونکہ جب کروڑوں کا بلاوجہ نقصان ہو اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی طرح فلموں کی ریلیز ہو جس کا جہاں زور چلے وہاں وہ دوسرے کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ دے توفیئر گیم نہ ہونے کی وجہ سے کڑوا پن یا ”ڈرٹی پکچر“ بننے کا امکان بہت زیادہ ہے ۔

ضروری نہیں شوز اور اسکرین نمبرز اور فٹ فال کا بھی تعین کرے جیسے اس فلم کو اگر ایٹریم سینما کی اسکرین ڈی ملتی ہے جہاں ساڑھے تین سو سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور نامعلوم افراد کو اسکرین بی ملتی ہے جہاں دو سو سے بھی کم افراد بیٹحنے کی گنجائش ہے تو کیلکویشن میں فرق آئے گا۔

سنیما ڈی کی ٹکٹ کی رقم بھی تھوڑی زیادہ ہے۔اسی طرح کراچی کے کیپری سینما میں آٹھ سو سے زائد افراد بیٹھنے کی گنجائش ہے لیکن ٹکٹ کی قیمت ملٹی پلیکس سے کم ہے۔یعنی اس سینما میں زیادہ شوز والی فلم پر فٹ فال زیادہ ہوگا لیکن روپے پیسے میں آمدنی کم۔

نامعلوم افراد ٹو کو کونسا سینسر سرٹیفکیٹ ملا؟

ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’نامعلوم افراد 2‘‘ اور ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کو پنجاب اور سندھ میں ایک ہی سینسر سرٹیفیکٹ ملا وہ بھی” اَن کٹ“ اب اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے سنسر بورڈ والوں کے پاس یا تو ”U“ ہے جو سب کیلئے ہے یا دوسرا ”A“جس کا مطلب صرف اٹھارہ سال سے زیادہ والوں کیلئے ہے۔

اب یہاں نہ فلم بنانے والوں کا قصور ہے نہ فلم پاس کرنے والوں کی غلطی کیوں کہ بیچ کے سرٹیفکیشن نہ ہونے کی وجہ سے نامعلوم افراد 2 کو بھی ”U“ کا سرٹیفیکٹ دینا پڑا حالانکہ فلم میں بہت سے ایسے مناظر اور مکالمے ہیں جو 12سال سے چھوٹے بچوں کیلئے موزوں نہیں۔

کچھ ایسی ہی سرٹیفکیشن فلم کو ”یوکے“ میں ملی ہے۔

عید پر دونوں فلموں کے بڑے اداکاروں اور کامیاب ہدایتکاروں کا ہی مقابلہ نہیں بلکہ موازنہ دونوں کے کیمرا مین یعنی ڈی او پی کا بھی ہوگا۔ سلیمان رزاق اور رانا کامران دونوں نے زبردست کام کیا ہے۔

احمد بٹ کا گانا ہمایوں اور فہد کے گانوں سے زیادہ مشہور

میوزک دونوں فلموں کا ہٹ ہے ’’نامعلوم افراد 2‘‘ میں سچویشنل گانے اور آئٹم نمبرز ہیں تو دوسری طرف ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ میں رومانٹک سانگ اور جشن والے گانوں کا غلبہ ہے۔

نامعلوم افراد 2 میں صدف کنول کا آئٹم نمبر صرف یو ٹیوب پر اب تک 15لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے تو دوسری طرف حیرت انگیز طور پر پنجاب نہیں جاؤں گی میں مہوش حیات اور ہمایوں کے رومانٹک گانوں سے زیادہ مقبول احمد بٹ کے منفرد رقص اور عروہ پر پکچرائز ہونے والا گانا ہوا ہے ۔

دونوں فلموں کی ٹیم ، پروڈکشن ،کاسٹ مضبوط اور میوزک ،ٹریلر اور گانے سپر ہٹ اور بجٹ پروموشن کافی زیادہ ہے۔

دونوں فلموں کو مجموعی طور پرصرف ملک بھر سے کمائی کا کم سے کم 50کروڑ کا بیریئر توڑنا چاہیے اگر ایسا ہوگیا تو یہ بڑی عید پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے بھی چٹپٹی ہوجائے گی ورنہ ایک فلم بھی کمزور ہوئی تو دوسری کا بھی نقصان ہوگا اور پوری فلم انڈسٹری کا بھی کیونکہ ’’چین آئے نہ‘‘ اور ’’جیو سر اٹھا کہ‘‘ کی ناکامی اور ’’پروجیکٹ غازی‘‘ کے ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے سب کو ان دونوں فلموں سے بڑی امیدیں اور توقعات ہیں۔

نوٹ:

فلم بنانے والا فلم پر باتیں بنانے والے سے بہتر ہے۔

فلم سینیما پر دیکھیں۔ کیونکہ فلم کا ساونڈ اور فریم سینما کے لیے بنے ہیں آپ کے موبائل،ٹی وی ایل ای ڈی یا لیپ ٹاپ کے لیے نہیں۔

معلومات مختلف ذرائع سے لی جاتی ہیں ان میں غلطی یا انیس بیس ہونے کا امکان ہوتا ہے کچھ حقائق یا اعداد شمار وقت کے ساتھ بدل جاتے ہیں۔

غلطیاں سب سے ہوتی ہیں،ہم سے بھی،آپ کوئی غلطی دیکھیں تو براہ کرم نشاندہی کریں شکریہ۔

مزید خبریں :