دنگل کے ’’پہلوان‘‘ کو روبوٹ کا چیلنج

بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم”دنگل“ جس نے دنیا بھر میں 30 ارب پاکستانی روپے کا بزنس کیا ہے جس کے بعد اب ہانک کانگ میں کامیابی کے چھکے لگارہی ہے۔

عامر خان کی دنگل کا ہانگ کانگ میں پہلا ہی ویک اینڈ 6 کروڑ پاکستانی روپوں کا رہا اور ’’دنگل‘‘ کی کمائی کا ریکارڈ ’’باہو بلی‘‘ تو نہیں توڑسکا لیکن اب یہ موقع رجنی کانت کی روبوٹ کے پاس ہے ۔

مہنگی ترین بھارتی فلم پر کتنا بجٹ لگا؟

بالی وڈ کی فلموں سے بہت مہنگی 400 کروڑ کی لاگت سے بننے والی بھارت کی سب سے مہنگی فلم روبوٹ ’’2.0‘‘ کی شوٹنگ کی کچھ جھلکیوں نے دھوم مچادی ہے۔

فلم میں رجنی کانت ہیرو اور اکشے کمار ولن ہیں جسے دیکھنے کیلئے سب تیار ہیں لیکن ابھی ریلیز میں اگلے برس کا انتظار ہے جب کہ یہ فلم’’2010‘‘ میں بننے والی روبوٹ کا سیکوئل ہے۔

 اُس فلم میں تو ہیرو بھی رجنی تھے اور ولن بھی رجنی اور ہیروئن ایشواریہ رائے لیکن اس بار اکشے کمار کو ولن بنا کر ان کا گیٹ اپ بھی زبردست بنایا گیا ہے۔

فلم باہو بلی کی دونوں فلموں سے بھی زیادہ مہنگی فلم ہے جس کا  بجٹ 350کروڑ تھا۔

اب اس فلم سے امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم اپنے دیس میں باہو بلی کا اور دنیا بھر میں عامر خان کی فلم دنگل کا ریکارڈ توڑ کر 2000کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم بنے گی۔

اکشے کمار جو مسلسل کامیابیوں کے بعد بھی خان ہیروز سے پیچھے ہیں کیونکہ ان کی کوئی فلم اپنے دیس میں کروڑوں کی ڈبل سینچری اور دنیا بھر میں ٹرپل سینچری نہیں بناسکی ہے لیکن ’’روبوٹ‘‘ سے وہ ”بیر یئر“ بھی توڑ دیں گے۔

اس وقت بھی ایکشن فلموں کے” کھلاڑی “ کی اپنی شادی بچانے کیلئے” ٹوائلٹ“ بنانے کی جنگ سب کو بھاگئی ہے اور فلم ”ٹوائلٹ ایک پریم کتھا“ نے صرف نو دن میں 100کروڑ کا چھکا لگایا تھا۔

20 دن پہلے ریلیز ہونے والی فلم اب تک 130کروڑ بھارتی روپوں سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

ٹوائلٹ ایک پریم کتھا یقینا اکشے کمار کی کیریئر کی سب سے کامیاب فلم ہوگی ۔اس فلم کو اکشے ہی کی ”راؤڈی راٹھور“ سے آگے نکلنے کے لیے اب صرف 3کروڑ مزید درکار ہیں۔

’’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘‘ اکشے کمار کی مسلسل پانچویں اور مجموعی طور پر آٹھویں سو کروڑ کی فلم ہے یعنی اس میدان میں وہ اب صرف سلمان خان سے پیچھے ہیں جن کی 11فلمیں سو کروڑ کا چھکا لگاچکی ہیں۔

ہمشکل فلاپ لیکن جڑواں کا انتظار کیوں؟

ہمشکل ہیروز والی سدھارتھ ملہوترہ کی پہلی ڈبل رول والی فلم ” اے جنٹیلمین“ اپنے زبردست ایکشن کے باوجود باکس آفس پر بھونچال نہیں لاسکی اور فلم نے چار دنوں میں صرف 15کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

فلم میں جیکولین بھی ہیں جو ایک اور ہمشکل لیکن جڑواں بھائیوں کی فلم”جڑواں2“ میں نظر آئیں گی۔

جی ہاں! یہ وہی سلمان خان کی جڑواں کا ری میک ہے جس نے بیس سال پہلے باکس آفس پر کامیابی کا طوفان مچایا تھا، سلمان خان کے دونوں رول اس بار ورون دھون کے سپرد ہیں۔

کرشمہ والا کردار جیکولین ، رمبھا والا کردار تاپسی اور  شکتی کپور والا کردار راج پال یادیو کو ملا ہے۔

فلم کے کپتان ورون کے ابو اور سلمان کے دوست ڈیوڈ دھون ہی ہیں اور فلم کے پروڈیوسر بھی پرانی فلم والے ساجد نڈیاڈ والا ہیں۔

فلم کی کہانی تو وہی ہے ہی لیکن فلم میں سپر ہٹ گانوں کو برقرار رکھا گیا ہے وہ الگ بات ہے اُن گانوں میں سلمان کی پرفارمنس کی بات ہی کچھ اور تھی۔ فلم اگلے ماہ ریلیز ہوگی اور اس فلم میں اصلی جڑواں والے سلمان خان کی بھی اسپیشل انٹری ہے۔

فلم کا ٹریلر اور پہلا گانا ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا ہے اور دوسری طرف اگلے ہی ماہ اپنے فینز کے دلوں میں زندہ رہنے والے اداکار اوم پوری کی آخری فلم ”مسٹر کبڈی“کی بھی ریلیز ہے۔

چھوٹی فلموں کے لمبے چھکے کتنے کروڑ کے لگے ؟

اوم پوری کے جانشین کہلائے جانے والے نواز الدین صدیقی نے بھی فلم بابو مشاہی بندوق باز سے زوردار انٹری دی ہے، فلم سینسر والوں نے بہت کاٹی لیکن چھوٹے بجٹ اور نواز کے ایکشن اور اداکاری کی وجہ سے فلم نے چار دنوں میں 7 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

فلم ابھی سے سپر ہٹ ہے کیونکہ فلم پر لاگت صرف 5 کروڑ کی آئی ہے اور اگر 5 کروڑ کی فلم 15کروڑ کمائے گی تو میگا ہٹ کہلائے گی ساتھ میں ڈیجیٹل رائٹس، سیٹلائٹ رائٹس اور اوور سیز رائٹس الگ کمائی ہیں۔

چھکا تو رومانٹک کامیڈی”بریلی کی برفی“ نے بڑا لمبا لگایا ہے اور چھوٹے بجٹ کی بڑی فلم دس دنوں میں اب تک 26کروڑ کماچکی ہے جب کہ فلم میں راجکمار راؤ ،ایوشمان کھرانہ اور کیرتی سنن ہیں جنھوں نے اپنی بے ساختہ اداکاری سے سب کے دل جیت لیے ہیں۔

ہالی وڈ باکس آفس کیوں ٹھنڈا ہوگیا؟

اب بات ہالی وڈ کے دیس امریکا کی ہوجائے جہاں زوردار طوفان نے کمزور فلموں کا بزنس کم کیا اور وہیں رہی سہی کسر دنیا کے سب سے مہنگی باکسنگ مقابلے نے پوری کردی۔

اس ہفتے ہالی وڈ کی ویک اینڈ کی کمائی 16سالوں کے دوران ہوئی کم ترین کمائی ہے جب کہ اس سے قبل 16 سال پہلے نائن الیون کے حملوں والے ویک اینڈ میں نارتھ امریکن باکس آفس میں اتنی کم کمائی ہوئی تھی۔

ایکشن ڈرامہ”دی ہٹس مین باڈی گارڈ“ نارتھ امریکن باکس آفس پراس ہفتے بھی نمبر ون رہی فلم نے اس ویک اینڈ پرایک ارب پاکستانی روپے اور مجموعی طور پر دس دنوں میں چار ارب روپوں کا بزنس کیا ہے۔

 ہارر فلم”اینا بیل کریئشن “ ریلیز ہوئے بیس دن ہوگئے لیکن ابھی بھی باکس آفس پر اس فلم کا نمبر دوسرا ہے اس فلم کی مجموعی آمدنی آٹھ ارب روپے ہوچکی ہے۔

چین میں دھوم مچانے والی ایکشن پیک ”وولف واریئر ٹو“ کی دنیا بھر سے کمائی 82ارب ہوچکی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے اس ساری کمائی میں سے 80 ارب روپے محض چین سے ہی کمائے گئے ہیں۔

ہالی وڈ کی نئی فلمیں باکس آفس پر کوئی دھمال نہیں مچاسکی اور پچیس سال پہلے ریلیز ہونے والی ٹرمینیٹر ٹو کے اب تھری ڈی ورژن کی ریلیز بھی بہت کم سینماؤں میں کی گئی اس فلم نے 5کروڑ پاکستانی روپے کمائے ہیں۔

پاکستان میں عید پر کونسی فلمیں سینما کو تڑکا لگانے آرہی ہیں؟

اب ہالی وڈ کا باکس آفس تو طوفان کی وجہ سے ٹھنڈا رہے گا لیکن پاکستان میں عید کی دو بڑی فلمیں سب کی عید چٹپٹی کرنے آرہی ہیں ایک ’’نامعلوم افراد 2‘‘ اور دوسری ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘۔

دونوں پاکستانی فلموں پر ان کے پروڈیوسرز کے مطابق مجموعی طور پر 30 کروڑ سے زیادہ پیسہ لگایا گیا ہے۔

دوسری طرف بالی وڈ میں اجے دیوگن ، عمران ہاشمی اور سنی لیونی کی بادشاہو بھی سونا لوٹنے کیلئے تیار بیٹھی ہے

مزید خبریں :