کاروبار
Time 01 ستمبر ، 2017

عید کے موقع پر سبزیوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

ملک بھر میں عید الاضحیٰ کی آمد آمد ہے اور اس موقع پر گراں فروشوں کی بھی چاندی ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں عید کی آمد کے ساتھ ہی گراں فروشی میں اضافہ ہوگیا ہے اور دکانداروں نے سبزیوں کے نرخ میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے۔

عید الاضحیٰ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں کی جانب سے چند روز قبل 30 روپے فی کلو ملنے والی پیاز کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی ہے اور مارکیٹ میں پیاز 100 روپے تک بک رہی ہے۔

جب کہ 50 روپے کلو تک فروخت ہونے والے ٹماٹر کو اب خریدار 120 روپے کلو تک خریدنے پر مجبور ہیں۔

اس کے علاوہ 15 روپے میں ملنے والی دھنیے کی گٹھی اب 50 روپے تک جا پہنچی ہے جس کے باعث ہرے ہرے دھنیے کی قیمت عوام کو لال پیلا کردیا ہے۔

یہی نہیں بلکہ لہسن بھی کسی سے پیچھے نہ رہا اور اس کی فروخت بھی 150 روپے فی کلو سے فوراً 200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہےکہ دکانداروں کے پاس ریٹ لسٹ موجود ہے لیکن اس پر عملدرآمد کرانے والا کوئی نہیں۔

دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ منڈی میں سبزیوں کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے ہی نرخ میں اضافہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :