پاکستان
Time 03 ستمبر ، 2017

خواجہ اظہار پر حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے، آئی جی سندھ

کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہےکہ خواجہ اظہار پر حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

گزشتہ روز ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار پر بفروزن میں قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور بچہ جاں بحق ہوا تھا جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

پولیس نے خواجہ اظہار پر حملے میں ملوث ایک ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

جیونیوز سے گفتگو کرتےہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ خواجہ اظہار پر حملے کی تحقیقات میں مثبت پیش رفت ہورہی ہے اور واقعے کی تفصیلات میڈیا کو جاری کریں گے تاہم حملے کی تفتیش مکمل ہونے میں مزید وقت درکار ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں سیاسی دھڑے بندی کے بعد ایم کیوایم پاکستان کو تھریٹ سے آگاہ کیا گیا تھا، خواجہ اظہار پر حملہ شہر کو آگ میں دھکیلنے کی سازش تھی، حملے میں کون سا گروپ ملوث ہے اس قسم کی قیاس آرائیوں سے تفتیش متاثر ہوتی ہے۔

دوسری جانب خواجہ اظہار پر حملے کا مقدمہ ایس ایچ او تیموریہ جمال لغاری کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت، قتل، اقدام قتل اور پولیس مقابلے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرلیے ہیں جب کہ عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کرکے ان کی کاپیاں سی ٹی ڈی کو بھجوائی جارہی ہے۔ عید کے بعد فارنزک رپورٹ آنے پرتحقیقات میں مزید پیشرفت کی توقع ہے۔


مزید خبریں :