کھیل
Time 04 ستمبر ، 2017

پاکستان میں ’سپر باکسنگ لیگ‘ کے انعقاد کا اعلان

عامر خان — فائل فوٹو

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے نئی باکسنگ لیگ کا نام اور اس کے لیے 8 ٹیموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

عامر خان نے گزشتہ روز جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دسمبر میں پاکستان میں باکسنگ لیگ منعقد کریں گے۔

پیر کو اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ انہیں انڈین باکسنگ لیگ دیکھ کر پاکستان میں بھی ایسا ہی ایونٹ کروانے کا خیال آیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت میں باکسنگ ہوسکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں ،یہاں بھارت سے زیادہ ٹیلنٹ ہے۔

عامر خان نے کہا کہ وہ پاکستان میں باکسنگ کا فروغ چاہتا ہیں اور اس ملک کے لیے جہاں ان کے والدین پیدا ہوئے کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

عامر خان کے مطابق ان کی لیگ میں نہ صرف مردبلکہ خواتین کھلاڑی بھی شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں خواتین کے باکسنگ مقابلے ہوں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سپر باکسنگ لیگ پروفیشنل لیگ ہوگی جس میں ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت مقابلے ہوں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ لیگ میں لاہور ، کراچی ، اسلام آباد، ملتان ، سیالکوٹ، فیصل آباد ، پشاور اور کوئٹہ کی ٹیمیں بنائی جائیں گی۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ عامر خان نہ صرف پاکستان میں برطانیہ کے بلکہ برطانیہ میں پاکستان کے بھی بہت اچھے سفیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں عالمی مقابلوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور ان کی کوشش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ایونٹس بحال ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب میری کوشش ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے، ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ایک بہترین شروعات ہے۔

مزید خبریں :