کھیل
Time 05 ستمبر ، 2017

انڈیپینڈنس کپ: 500 روپے والے ٹکٹس کی فروخت مکمل

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلے میچ کے لئے 500 اور 8 ہزار روپے والے ٹکٹس کی فروخت مکمل ہوگئی جب کہ ڈھائی ہزار، چار ہزار اور چھ ہزار کے ٹکٹوں کی بکنگ تاحال جاری ہے۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت یکم ستمبر سے جاری ہے اور اب تک جنرل اسٹینڈ کے 500 روپے میں دستیاب ٹکٹوں کی فروخت مکمل ہوچکی ہے۔

آن لائن بکنگ نہ کرانے والے شائقین بنکوں اور کاؤنٹرز سے ٹکٹوں کی فروخت کے شیڈول سے تاحال لاعلم ہیں جب کہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ لاہور کے مختلف مقامات پر کل سے مختلف کاؤنٹرز لگائے جائیں گے۔

کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹس لاہور کے بڑے شاپنگ مالز میں فروخت کے لئے دستیاب ہوں گے جب کہ لبرٹی چوک، ڈیفنس اور بھوبتیاں چوک پر کاؤنٹر لگائے جائیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پریمیم، فرسٹ کلاس اور وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹس بالترتیب 2500، 4000 اور 6000 میں دستیاب ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔

مہمان ٹیم  ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، جارج بیلی، ٹم پین، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، گرینٹ ایلیٹ، تمیم اقبال اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔

پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم احمد شہزاد، فخر زمان، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، رومان رئیس، محمد نواز، عثمان شنواری، شاداب خان، عمر امین، عامر یامین اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔

 

مزید خبریں :