عامر خان اور پریانکا پہلی بار فلم میں ایک ساتھ؟

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور اداکارہ پریانکا چوپڑا اب تک ایک ساتھ کسی بھی فلم میں جلوہ گر نہیں ہوئے ہیں لیکن دونوں کے پہلی بار کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آنے کی خبریں زیرگردش ہیں۔

عامر خان فلموں میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے باعث شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایک فلم پر 2 سے 3 سال کا عرصہ لگاتے ہیں۔

مسٹر پرفیکشنسٹ اپنی فلم کے ایک ایک منظر میں حقیقت کا روپ دینے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑتے ہیں اور فلم کی کاسٹ میں بھی بہترین ساتھی اداکاروں کا چناؤ کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان بھارتی خلا باز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم ’’سیلوٹ‘‘ میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے مدمقابل اداکارہ کے لیے پریانکا چوپڑا کا نام سامنے آیا ہے۔

اس سے قبل اداکارہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کرچکی ہیں تاہم بھارتی اخبار مڈ ڈے کی خبر کو درست تسلیم کیا جائے  تو یہ دونوں اداکاروں کی ایک ساتھ پہلی فلم  ہوگی جس میں پریانکا عامر خان کی اہلیہ کا کردار نبھائیں گی۔

عامر خان بھی فلم میں  پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کرانے کے لیے سرگرم ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ فلم میں ان کا اہلیہ کا کردار وہ ہی کریں۔

عامر خان اس وقت فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی جلوہ گر ہوں گی۔

مزید خبریں :