دنیا
Time 06 ستمبر ، 2017

بھارت میں سینئر خاتون صحافی اپنے گھر کے باہر قتل


بینگلورو: بھارت میں نامعلوم افراد نے سینیئر صحافی خاتون گوری لنکیش کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوری لنکیش کو بینگلورو میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کیا۔

رپورٹس کے مطابق گوری کو انتہائی قریب سے گولیاں ماری گئیں اور انہیں 7 گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔

55 سالہ گوری کی لاش پڑوسی کے گھر کے باہر پائی گئی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

پولیس نے قتل میں اجرتی قاتلوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے جب کہ گوری کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ قاتلوں کو قریب ہی لگے سی سی ٹی وی کیمرے سے شناخت کیا جاسکتا ہے تاہم کیمرا ٹوٹا ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ گوری کو قتل کرنے والوں میں ایک قاتل ہیلمٹ پہنا ہوا تھا اور کالے رنگ کے کپڑوں میں ملبوس تھا۔

گوری لنکیش بھارت کی مقامی میگزین کی ایڈیٹر تھیں اور ہندو انتہا پسندانہ سیاست، دائیں بازو کی تنظیموں اور نسلی فسادات پر تنقید کرتی تھیں جب کہ وہ بی جے پی رہنماؤں کے خلاف آرٹیکل چھاپنے پر 2008 میں چھ ماہ کی قید بھی کاٹ چکی تھیں۔

مزید خبریں :