کاروبار
Time 06 ستمبر ، 2017

’عید الاضحیٰ پر پاکستان ریلوے کے ریونیو میں 48.544 ملین کا اضافہ‘

لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اس سال عیدالاضحیٰ پر گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان ریلوے کے ریونیو میں 48.544 ملین کا اضافہ ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ عید الاضحی کے تینوں دنوں میں پاکستان ریلوے سے 2 لاکھ 28 ہزار 509 مسافروں نے سفر کیا جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 796 رہی۔

وزیر ریلوے کے مطابق اس عید پر مسافروں اور ریونیو دونوں میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال عید کے مقابلے میں اس عیدالاضحیٰ پر ریلوے کے مسافروں میں 31 ہزار 713  کا اضافہ ہوا جب کہ ریونیو میں بھی 48.544 ملین کا اضافہ ہوا۔


خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں وقت کی پابندی کو 49 فیصد سے 78 فیصد پر لے آئے اور اسے مزید بہتر بنائیں گے، ہر آنے والے دن میں ہم اپنا معیار بھی مزید بہتر بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹرینوں کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں، جلد نئی اور مزید آرام دہ عوامی ایکسپریس کا تحفہ دیں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بحالی اور کامیابی بطور قوم ہم سب کی کامیابی ہے جب کہ پاکستان ریلوے کی انتظامیہ اور کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مزید خبریں :