پاکستان
Time 08 ستمبر ، 2017

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے


روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف ملک بھر میں سیاسی و مذہبی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔

اسلام آباد میں جماعت اسلامی کےامیر سراج الحق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی تاہم اس دوران جب ریلی سرینا چوک پہنچی تو ریلی کے شرکا نے پولیس کی جانب سے خاردار تاریں ہٹانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ریلی میں شریک بعض افراد پر لاٹھی چارج کردیا۔

سرینا چوک پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مسلمانوں کی مدد کرنا اللہ کا حکم ہے، ہم چاہتے ہیں کہ میانمار میں مسلمانوں پر ظلم روکا جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم نے اپنی پولیس یا املاک کو نقصان نہیں پہنچانا، ہم آج یہاں عالمی ضمیر جگانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

مظاہرین کا عالمی برادری سے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی نے برما کے مسئلے پر فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلانے اور میانمار کے سفیر کو ملک بدرکرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

راولپنڈی میں تحریک انصاف کی جانب سے برما کے مسلمانوں کے حق میں لیاقت باغ میں مظاہرہ کیا گیا جس میں بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے مسلمانوں پر ظلم اور ان کے قتل عام پر امت مسلمہ اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جب کہ مظاہرین نے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف برما حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور سفیر کو فوری پاکستان سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) نے برما کے مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا جس میں عالم اسلام اور اقوام متحدہ سے برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

کراچی میں پیپلزپارٹی کا برما میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مظاہرہ

کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے تحت برما میں مسلمانوں پر ظلم کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں وقارمہدی، شہلارضا اور نثار کھوڑو سمیت تمام اضلاع سے کارکنان نے شرکت کی۔

مظاہرین نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام بند کرانے کا مطالبہ کیا اور میانمار حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی  کی۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام بند کرائے اور عالمی برادری مسلمانوں پرمظالم کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرے۔

شکارپور، ٹنڈوالہیار، شور کوٹ، کوٹ مومن سمیت دیگر علاقوں میں بھی روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔

آزاد کشمیر میں بھی اس حوالے سے وکلا، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں :