عمران ہاشمی کا اپنی سپرہٹ فلموں کے سیکوئلز میں کام سے انکار

بالی وڈ میں اپنے بولڈ مناظر کے حوالے سے مشہور اداکار عمران ہاشمی نے اپنی سپر ہٹ فلموں کے سیکوئلز میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

عمران ہاشمی نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2003 میں فلم ’’فٹ پاتھ‘‘ سے کیا لیکن انہیں شہرت فلم ’’مرڈر‘‘ سے ملی۔

انہوں نے ایک کے بعد ایک کئی فلموں میں کام کیا اور خوب شہرت حاصل کی۔ ان کی کامیاب فلموں میں ’’مرڈر’’، ’’جنت‘‘ ،’’راز‘‘، ’’آوارہ پن‘‘، ’’ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی‘‘ اور ’’دی ڈرٹی پکچر‘‘ شامل ہیں۔

عمران ہاشمی کے فلمی کیرئیر کے عروج میں ’’مرڈر‘‘، ’’جنت‘‘ اور ’’راز‘‘ فلموں کا اہم کردار ہے اور اب تک فلم ’’مرڈر‘‘ اور فلم ’’جنت‘‘ کا ایک ایک اور فلم ’’راز‘ کے 3 سیکوئل بن چکے ہیں۔

جب کہ ان فلموں کے تمام سیکوئلز میں عمران ہاشمی ہی مرکزی کردار میں نظر آئے۔

فلموں کے پروڈیوسرز ایک بار پھر ان سپر ہٹ فلموں کے سیکوئل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن عمران ہاشمی ان فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

عمران ہاشمی نے اپنے ایک انٹرویو میں کیرئیر کی سپر ہٹ فلموں کے سیکوئل میں کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کیرئیر اور زندگی میں ان فلموں کا اہم کردار ہے لیکن اس کے باوجو وہ  اپنی سپر ہٹ فلموں کے سیکوئلز میں دوبارہ کام نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب خود کو بطور اداکار مختلف کرداروں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان دنوں عمران ہاشمی کی اجے دیوگن کے ساتھ فلم ’’بادشاہو‘‘ سنیما گھروں میں نمائش جاری ہے۔ اس کے علاوہ اس وقت وہ اپنے پروڈکشن ہاؤس کی ہی فلم ’’کیپٹن نواب‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں :