معروف اداکار افتخار قیصر طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل

پشاور: ہندکو ،پشتو اور اردو کے معروف اداکار افتخار قیصرکو طبیعت ناساز ہونے پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اداکار افتخار قیصر کافی عرصے سے شدید علیل ہیں جنہیں حالت بگڑنے پر لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا۔

لیجنڈری اداکار کو اسپتال انتظامیہ نے داخل نہیں کیا اور وہ 9 گھنٹے تشویشناک حالت میں کھلے آسمان تلے پڑے رہے۔

افتخار قیصر کے صاحبزادے حسنین نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسپتال میں 9 گھنٹے تک ان کے والد کھلے آسمان تلے پڑے رہے لیکن انہیں داخل نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹوں میں تاخیر کے باعث افتخار قیصر کو داخل نہیں کیا گیا تاہم اب انہیں داخل کر لیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

ادھر وفاقی وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکار افتخار قیصر کی علالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افتخار قیصر عظیم فن کار اور ملک کا سرمایہ ہیں، ان کےعلاج کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے متعلقہ حکام کو افتخار قیصر کی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

لیجنڈری اداکار نے اپنے فنی کیرئیر میں ہندکو، پشتو اور اردو کے کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

انہوں نے  ’’ففٹی ففٹی‘‘ اور پشتو میں ’’رنگ پہ رنگ‘‘ سے شہرت حاصل کی جب کہ افتخار قیصر نے 4 پشتو فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :