نوازشریف نے نظرثانی کی درخواست پہلے سننے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

اسلام آباد؛ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاناما کیس میں 5 رکنی بینچ کےفیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستیں پہلے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست دائر کردی۔

سپریم کورٹ کاز لسٹ کو ختم کرکے ہفتہ کی شام ترمیمی کازلسٹ جاری کی گئی جس میں صرف 3 رکنی جے آئی ٹی بینچ کے فیصلے کے خلاف 4 نظر ثانی درخواستیں جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ اور مانیٹرنگ جج جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل بنچ کے روبرو سماعت کے لیے مقرر کی گئیں لیکن 5رکنی بینچ کے عدالتی حکم کے خلاف شریف خاندان کی مرکزی 8 نظر ثانی درخواستیں مقرر نہیں کی گئیں۔

جیونیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ میں پاناما کیس میں 5 رکنی بینچ کےفیصلے کےخلاف نظرثانی درخواستیں پہلے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانونی اورعدالتی تناظر میں چھوٹا بینچ بڑے بینچ کے فیصلے کو تبدیل نہیں کرسکتا لہٰذا پاناما کیس میں 5 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستیں پہلے سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 12ستمبر سےپانامہ فیصلے کے خلاف نواز شریف اور ان کے بچوں کی نظر ثانی درخواستوں کے ایک حصے کی سماعت کرے گا۔ 

مزید خبریں :