پاکستان
Time 10 ستمبر ، 2017

روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی؛ مختلف شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے

فوٹو : فائل

روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک کے ٘مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

میانمار (برما) میں حکومتی سرپرستی میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف بلوچستان کے شہر چمن میں جمعیت علما اسلام (ف) کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی اور شرکاء نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا۔

ڈیرہ بگٹی میں بھی ضلعی امیر جے یو آئی (ف) مولانا محمد حیات بگٹی کی قیادت میں شہید بوگرا کالونی سے بگٹی کالونی تک ریلی نکالی گئی جب کہ نوشکی میں بھی روہنگیا مسلمانوں کے حق میں مظاہرہ ہوا۔

خیبرپختونخوا میں بھی میانمار میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، کوہاٹ میں جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام انڈس ہائی وے پر لاچی کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

بنوں میں جماعت اسلامی کی جانب سے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا جب کہ لکی مروت میں بھی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

خیال رہے کہ میانمار (برما) میں ریاستی سرپرستی میں روہنگیا مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کے نتیجے میں 2 لاکھ سے زائد افراد پڑوسی ملک بنگلادیش ہجرت کرچکے ہیں۔

گزشتہ روز  پاکستان نے میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج ریکارڈ کرایا اور مظالم روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔

اس سے قبل مسلم ملک مالدیپ نے بھی روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاجاً میانمار سے تجارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گٹرس نے میانمار کو خبردار کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کا سلسلہ جاری رہا تو پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔

مزید خبریں :