سنی دیول اپنے بھائی بوبی دیول کے کیریئر کی زوال پذیری پر روپڑے

ممبئی: بالی وڈ اسٹار سنی دیول اپنے چھوٹے بھائی بوبی دیول کے کیرئیر سے متعلق سوال پر روپڑے۔

سنی دیول کا شمار بالی ووڈ کے سپر اسٹارز میں ہوتا ہے اور انہوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

سنی دیول کی فلموں کے کئی ڈائیلاگ اب بھی بے حد مشہور ہیں۔ اداکار اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی ہی فلموں میں نظر آتے ہیں اور اب وہ اپنے بھائی بوبی دیول کے ساتھ طویل عرصے بعد ایک بار پھر فلم ’’ پوسٹر بوائز‘‘ میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی تشہیری مہم کے دوران سنی دیول سے ان کے بھائی بوبی دیول کے زوال پذیر کیرئیر سے متعلق سوال کیا گیا تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کو 10 سال کسی پروڈیوسر نے فلموں میں کام نہیں دیا جس سے وہ ڈپریشن کا مریض بن گیا تھا لیکن ہم سب ساتھ ہیں اور ہمارا خاندان مضبوط ہے اور ہم ایک دوسرے کے دکھ درد کو بھی محسوس کرتے ہیں۔

سنی دیول نے اپنے فلمی کیرئیر سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ایک وقت ایسا تھا کہ کوئی بڑی اداکارہ فلم میں میرے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں تھی جب کہ فلمی کیرئیر میں بھی کسی بڑی اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کیا ہے۔

بھارتی اداکار نے کہا کہا 1990 میں فلم ’’گھائل‘‘ کے لیے سری دیوی کو پیش کش کی جس پر انہوں نے انکار کیا بلکہ ایک اور فلم کے لیے ایشوریا کو پیش کش کی تو انہوں نے بھی منع کردیا تھا۔

سنی دیول نے اپنے بھائی بوبی دیول کو بھی ذاتی پروڈکشن ہاؤس کی فلم میں کاسٹ کیا ہے۔

دونوں بھائیوں کی فلم ’’پوسٹر بوائز‘‘ نے 3 دن میں 7 کروڑ 25 لاکھ کی کمائی کی ہے۔

مزید خبریں :