کھیل
Time 11 ستمبر ، 2017

پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے کریئر پر ایک نظر



ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مبنی سیریز کا آغاز منگل سے ہورہا ہے۔ تاریخی سیریز کے لیے کپتان فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں 14 رکنی ٹیم لاہور پہنچ چکی ہے۔ ان کھلاڑیوں کے کریئر کے بارے میں کچھ معلومات مندرجہ ذیل ہے۔

فاف ڈوپلیسی

فاف ڈوپلیسی جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے تمام فارمٹس کے کپتان ہیں۔ 33 سالہ کرکٹر نے اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو ستمبر 2012 میں انگلینڈ کے خلاف کیا اور اب تک 169 میچز کھیلے ہیں جن میں 36 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی بھی شامل ہیں۔

ڈوپلیسی اپنی اسٹائلش بیٹنگ کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں جبکہ ان کا ٹی ٹوئنٹی اوسط 27.48 اور اسٹرائیک ریٹ 124.11 ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک سنچری اور 20 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

گرانٹ ایلیٹ

گرانٹ ایلیٹ نے 2008 سے 2016 کے درمیان نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی اور وہ اپنی جارحانہ بلے بازی اور نپی تلی باؤلنگ کے لیے جانے جاتے ہیں۔

ایلیٹ نے 135 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 23.76 کی اوسط اور 128.96 اسٹرائیک ریٹ کے ذریعے 2293 رنز بنائے اور 93 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

38 سالہ کرکٹر کی صف اول کی اننگز میں جنوبی افریقہ کے خلاف والمی کپ 2015 کے سیمی فائنل کی یادگار اننگ بھی شامل ہے جس کی بدولت نیوزی لینڈ پہلی مرتبہ کسی ورلڈ کپ کا فائنل کھیل پائی۔ ایلیٹ پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز میں بھی کھیل چکے ہیں۔

ہاشم آملہ

ہاشم آملہ نے اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز آسٹریلیا کے خلاف 2009 میں کیا اور اب تک 117 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ ان کا اس فامیٹ میں اوسط 33.75 ہے جبکہ اسٹرائیک ریٹ 128.57 ہے۔

آملہ 7000 رنز مکمل کرنے والے تیز ترین بیٹسمین ہیں جبکہ وہ ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے جنوبی افریقی ہیں۔

آملہ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دو سنچریاں اور 23 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

تمیم اقبال

تمیم اقبال بنگلہ دیش کے کامیاب ترین بلے باز ہیں جنہوں نے تینوں فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ رنز بنا رکھے ہیں۔

28 سالہ اوپننگ بیٹسمین نے 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔ اس وقت وہ صرف 18 سال کے تھے۔ انہوں نے 142 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جس میں ان کا اوسط 30.10 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 118.32 تھا۔ وہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

ڈیوڈ ملر

ڈیوڈ ملر جنوبی افریقہ کے جارحانہ بلے باز ہیں جنہوں نے 2010 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا۔ ان کا اس فارمیٹ میں اوسط 34.35 اور اسٹرائیک ریٹ 137.56 ہے جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 233 میچز کھیلے ہیں۔

ملر اپنی تباہ کن بیٹنگ کے لیے جانے جاتے ہیں جبکہ وہ آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں۔

پال کالنگ وڈ

پال کالنگ وڈ کی قیادت میں انگلینڈ ٹیم نے 2010 کی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ انہوں نے 2010-11 میں آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ایشز سیریز ہرانے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

41 سالہ کرکٹر نے اب تک 135 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جن مین ان کا اوسط 21.15 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 122.57 تھا۔

ڈیرن سیمی

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز آل راؤنڈر، سابق کپتان اور پاکستان کے ’پسندیدہ‘ غیر ملکی کھلاڑی نے 252 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 20.73 کی اوسط اور 139.44 اسٹرائیک ریٹ سے 3090 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ انہوں نے 155 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں کامیابی حاصل کی جبکہ لاہور میں میچ کھیل کر انہوں نے پاکستانی عوام سے خوب داد وصول کی۔

مورنی مارکل

مورنی مارکل دنیا کے اس خطرناک باؤلنگ کا حصہ ہیں جس میں ڈیل اسٹین، رباڈا اور ورنن فیلنڈر شامل ہیں۔

انہوں نے 161 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 175 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ ان کا اوسط 25.37 ہے۔


پاکستان کرکٹ پر ہمارے کوئز میں حصہ لیں











عمران طاہر

لاہور میں پیدا ہونے والے جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر 176 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایکشن میں نظر آچکے ہیں جن کے دوران انہوں نے 209 وکٹیں حاصل کیں۔

عمران طاہر کچھ عرصہ قبل تک آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ رینکنگز میں دنیا کے بہترین باؤلر تھے۔ وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے ان کے انداز سے کرکٹ شائقین بہت محظوظ ہوتے ہیں۔

سیموئل بدری

سیموئل بدری کا شمار دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی باؤلروں میں ہوتا ہے جو اکثر نئی گیند کے ساتھ گیند بازی کرتے ہیں۔

وہ 178 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں جن کے دوران انہوں نے 20.83 کی اوسط سے 176 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ دنیا بھر کی لیگوں بشمول سی پی ایل، آئی پی ایل، بی پی ایل اور بگ بیش میں کھیل چکے ہیں جبکہ پی ایس ایل میں وہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

جارج بیلی

سابق آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی کپتان جارج بیلی نے 171 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 29.44 کی اوسط اور 130.68 اسٹرائیک ریٹ سے 3386 رنز بنا رکھے ہیں۔

اس فارمیٹ میں بیلی کی 20 نصف سنچریاں ہیں۔

بین کٹنگ

بین کٹنگ بگ بیش لیگ کے اسٹارز میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے لیے چار ایک روزہ اور چار ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے ہیں۔

کٹنگ ایک مڈل آرڈر بلے باز اور میڈیم فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے 71 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 21.76 اوسط اور 156.64 اسٹرائیک ریٹ سے 849 رنز بنائے اور 57 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

تھیسارا پریرا

تھیسارا پریرا بنیادی طور پر ایک باؤلر ہیں تاہم ضرورت پڑنے پر جارحانہ بلے بازی بھی کرسکے ہیں۔ وہ اننگ کے اختتامی اوورز میں باؤلنگ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

پریرا 208 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 188 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کا باؤلنگ اوسط 18.66 اور اسٹرائیک ریٹ 140.13 ہے۔

ٹم پین

وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین 8 ٹی ٹوئنٹی، 26 ون ڈے اور چار ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ ٹم پین بگ بیش میں ہوبرٹ ہوریکین کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے 74 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 23.87 کی اوسط اور 123.99 اسٹرائیک ریٹ سے 1576 رنز بنائے۔

مزید خبریں :