شریف خاندان اور اسحاق ڈارکے خلاف چاروں ریفرنسز نیب کو واپس

اسلام آباد: احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف چاروں ریفرنس اعتراض لگاکر نیب کو واپس کردیئے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز 8 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرائے تھے۔

رجسٹرار کی جانب سے ریفرنسز کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے اور گزشتہ روز اسکروٹنی مکمل کرکے 2 ریفرنس نیب کو واپس بھیجے گئے جن میں خامیوں کا انکشاف ہوا تھا۔

جیونیوز کے مطابق رجسٹرار آفس نے نیب کو چاروں ریفرنسز میں نشاندہی کی گئی خامیاں دور کرکے دوبارہ ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ بعض دستاویزات کا انڈیکس میں حوالہ موجود ہے مگر رکارڈ میں شامل نہیں، العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں بھی تکنیکی خامیاں سامنے آئی ہیں۔

دوسری جانب نیب پراسیکیوٹر کا کہنا ہےکہ شریف خاندان کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس دوبارہ احتساب عدالت میں جمع کرادیا گیا ہے جسے اعتراضات دور کرکے جمع کرایا گیا جب کہ ریفرنس نوازشریف اوران کےبچوں کےخلاف ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کیے، شریف خاندان کے خلاف ریفرنس لندن پراپرٹیز اور آف شور کمپنیوں سے متعلق ہے جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا ہے۔

ریفرنسز کی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ کے ایک معزز جج کو نگران بھی مقرر کیا گیا ہے۔


مزید خبریں :