کھیل
Time 13 ستمبر ، 2017

دوسرا ٹی20: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست

لاہور: ہاشم آملہ کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ورلڈ الیون نے آزادی کپ کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں ورلڈ الیون کی جانب سے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگ کا آغاز ہاشم آملہ اور تمیم اقبال نے پر اعتماد انداز میں کیا اور ٹیم کے لیے 47 رنز کی شراکت بنائی۔

ورلڈ الیون کے اوپنر تمیم اقبال 19 گیندوں پر 23 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔


ٹم پین 10 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے جب کہ ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی 20 رنز پر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ہاشم آملہ نے  5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی شاندار میچ وننگ اننگ کھیلی  جب کہ تھیسارا پریرا کی دھواں دار بیٹنگ کی اور 5 چھکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔


دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 69 رنز کی پارٹنر شب قائم کی جس نے ورلڈ الیون کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

تھیسارا کو آؤٹ کرنے کا موقع پاکستان نے اس وقت گنوایا جب شعیب ملک نے ان کا آسان کیچ ڈراپ کردیا۔


پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، سہیل خان اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور احمد شہزاد نے محتاط انداز میں کیا، 41 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 21 رنز بناکر سیموئل بدری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

سلامی بلے باز احمد شہزاد 43 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر ملر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے ایک بار پھر عمدہ کھیل پیش کیا اور 38 گیندوں پر 45 رنز بناکر ڈیوڈ ملر کو کیچ دے بیٹھے۔


پاکستان کی چوتھی وکٹ 19 ویں اوورز میں 156 کے مجموعی رنز پر گری اور عماد وسیم 15 رنز بناکر تھیسارا پریرا کا شکار بنے جب کہ قومی ٹیم کے کپتان کھاتے کھولے بغیر ہی اسی اوور میں بولڈ ہوئے۔

شعیب ملک نے ایک بار پھر دھواں دھار بیٹنگ کی اور 23 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 رنز بناکر کٹنگ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اور اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سے سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔


پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جب کہ ورلڈ الیون کی جانب سے سیموئل بدری، تھیسارا پریرا نے 2،2 اور عمران طاہر، کٹنگ نے ایک ایک کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ورلڈ الیون کی فتح کے ساتھ تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا آخری میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دی تھی۔


ٹاس کے موقع پر مہمان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انہیں پاکستان میں کرکٹ کھیل کر خوشی محسوس ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے میدان پر صرف تفریح کے مقصد سے نہیں اترتے اور وہ جیت کے لیے  کھیل رہے۔

فاف ڈوپلیسی نے کہا تھا کہ یہ دورہ صرف کرکٹ تک محدود نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر ہے۔ 

شاندار اننگز اور دو وکٹیں لینے پر تھیسارا پریرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


مزید خبریں :