پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2017

انصار الشریعہ کے تمام لوگوں کو گرفتار کرلیا، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ انصار الشریعہ کے تمام لوگوں کو گرفتا کرلیا گیا ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار پر حملے میں انصارالشریعہ نامی تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیوں میں تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی کو گرفتار کیا جس کی نشاندہی پر دیگر کارندوں کو بھی پکڑا گیا۔

گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا تھا کہ انصار الشریعہ کے کچھ لوگ فرار ہیں جنہیں جلد پکڑنے کی خوشخبری دیں گے۔

جیونیوز کے مطابق سینیٹ کی داخلہ کمیٹی میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے بتایا کہ کراچی میں انصار الشریعہ کے تمام لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس تنظیم پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منگیتر منع کرے یا پیپر ٹھیک نہ ہو تو خود کشی کرلی جاتی ہے، خودکشی کی کوشش کرنے والے کے لیے سزا ہونی چاہیے جب کہ مدرسہ اصلاحات پر بھی ایک پرفارما بنایا ہے جس پرعملدرآمد کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایم کیوایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست کی مکمل آزادی ہے جب کہ ڈاکٹر عاصم کو سپریم کورٹ کے حکم پر باہر جانے دیا گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اتوار بازار میں آتشزدگی کے بعد تمام عمارتوں کے آڈٹ کا حکم دیا تھا، اسلام آباد کے عوامی سینٹر واقعے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں جب کہ واقعے میں پولیس نے عمارت سے چھلانگ لگانے والوں کو کودنے سے منع کیا تھا۔

مزید خبریں :