پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2017

لاہورہائیکورٹ: کلثوم نواز کے خلاف درخواستیں مسترد

لاہورہائیکورٹ نے این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کے خلاف درخواستیں مسترد کردیں۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے اور تحریک انصاف کی جانب سے یاسمین راشد امیدوار ہیں جب کہ پیپلزپارٹی نے فیصل میر کو میدان میں اتارا ہے۔

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف، عوامی تحریک اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے اعتراضات دائر کیے تھے جسے ریٹرننگ افسر نے مسترد کردیا تھا۔

جیونیوز کے مطابق این اے 120 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر اور دیگر نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کلثوم نواز کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اقامے اور دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کیں جب کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس ان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کے لیے 3 رکنی فل بینچ تشکیل دیا تھا جس میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس عباد الرحمان شامل تھے۔

3 رکنی فل بینچ کے 2 ججوں نے کلثوم نواز کے خلاف درخواستوں کو مسترد کردیا ہے

واضح رہے کہ کلثوم نواز ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور ان کی انتخابی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں۔

مزید خبریں :