نیب ریفرنس: احتساب عدالت نے نوازشریف کو 19 ستمبر کو طلب کرلیا

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیب ریفرنس پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو 19 ستمبر کو طلب کرلیا۔

نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کیے ہیں جن میں شریف خاندان کے خلاف تین اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس ہے۔

جیونیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس پر سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو 19 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر فلیگ شپ ریفرنس پر مختصر سماعت کے بعد ملزمان کو نوٹسز جاری کیے جن میں انہیں ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

جیونیوز نے احتساب عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے سمن کی کاپی بھی حاصل کرلی ہے جس میں نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں کو ماڈل ٹاؤن لاہور کے پتے پر سمن جاری کیے گئے۔

سمن کے متن میں کہا گیا ہے کہ 19 ستمبر کو صبح 9 بجے عدالت میں پیش ہوں، الزامات کا جواب دینے کے لیے آپ کی عدالت حاضری ضروری ہے۔

دوسری جانب نیب نے فلیگ شپ ریفرنس کے بعد شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف دیگر 3 ریفرنسز پر بھی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے انہیں عدالت میں جمع کرادیا ہے۔

نیب کی جانب سے جو تین ریفرنسز جمع کرائے گئے ان میں لندن فلیٹس، العزیزیہ اسٹیل ملز اور اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس شامل ہیں۔


مزید خبریں :