پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2017

عمران خان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توہین عدالت کیس میں آج ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وہ آج بھی پیش نہ ہوئے۔

عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جن کا مؤقف تھا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں اور وہ آج ہی لندن سے پاکستان پہنچے ہیں اس لئے پیش نہیں ہوسکتے۔

الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر عمران خان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے اور دو افراد کی ضمانت دینے کے بھی احکامات جاری کئے۔

الیکشن کمیشن نے 25 ستمبر کو چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ 

خیال رہے کہ عمران خان نے عدالت پر متعصب ہونے کے الزامات لگائے تھے جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں پیش ہونے کے احکامات جاری کئے تھے۔ 

الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کرناضروری ہےکہ کیا الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کے کیس کا اختیار ہے یا نہیں جب کہ الیکشن کمیشن کے اختیار سماعت سے متعلق کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے فل بنچ میں زیر سماعت ہے۔

مزید خبریں :