نقلی اور اصلی برینڈ کی شناخت کے لئے اسکینر ایجاد

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ٹیکنالوجی نے انسانی زندگی میں بے انتہا آسانیاں پیدا کی ہیں۔ تاہم اسی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرکے جعلی برینڈڈ اشیاء بھی مارکیٹ میں فروخت کی جاتی ہیں۔

اسی مشکل کو دور کرنے کے لیے ایک پورٹیبل اسکینر تیار کیا گیا ہے جو چند ہی سیکنڈز میں بتادیتا ہے کہ برینڈ اصلی ہے یا نقلی۔

کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا۔ اسی محاورے پر چلتے ہوئے کئی لوگ مہنگے سے مہنگے برینڈ کی خریداری کرتے ہیں تاہم کئی مرتبہ دھوکا بھی کھا جاتے ہیں۔ پورٹیبل اسکینر ’اینٹروپی‘ کی مدد سے خریدے ہوئے برینڈ کی شناخت باآسانی کی جاسکتی ہے یا پھر خریدنے کے بعد اس کے خالص ہونے کی تصدیق بھی کرسکتے ہیں۔

اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کی جعلی چیزیں بنانے والی صنعت 460 ملین ڈالر کے قریب ہے جو نامور برینڈز کے جعلی بیگز، بٹوے اور دیگر چیزیں بنانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ اشیاء اتنی عمدہ طریقے سے بنائی جاتی ہیں کہ خریدنے والے گاہک کی آنکھیں دھوکا کھا جاتی ہیں اور وہ نقل کردہ ڈیزائن خرید لیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پورٹیبل" اینٹروپی اسکینر" متعارف کروایا گیا ہے۔

اینٹروپی اسکینر کو استعمال کرنے کے لئے اس کو اسمارٹ فون سے کنیکٹ کریں اور اس کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرلیں۔یہ ڈیوائس تمام برینڈز کے بیگ، بٹوے وغیرہ کی تصاویر اور پروڈکٹ نمبر ہائی کوالٹی میں حاصل کرلے گی۔اس ڈیوائس میں 30 ہزار سے زائد دنیا کے سب سے مشہور برینڈز کی شناخت کرنے کی صلاحیت فراہم کی گئی ہے۔

گزشتہ سال ا اینٹرپی اسکینر کے تنائج کی تصدیق 97 فیصد صارفین کی جانب سے کی گئی تھی جبکہ رواں سال 98 اعشاریہ 5 فیصد ہو چکی ہے۔

اینٹروپی اسکینر کے شریک بانی ایشلش شرما نے اپنی ڈیوائس کے بارے میں بتایا کہ یہ ایک ایسی مشین ہے جس میں پروڈکٹ نمبر، رنگ، ڈیزائن، ٹوپولوجی اور چھوٹے سے چھوٹے برینڈ کے لوگو تصویر کو شناخت کرنے کی سہولت موجود ہے۔

اصلی اور نقلی برینڈ میں جو فرق آنکھوں سے واضح نہیں ہوتا اینٹروپی اسکینر وہ بھی جانچ لیتا ہے۔

اس کی تمام تفصیلات صارفین کے لئے اسکینر  مشین کے ساتھ فراہم کی گئی ہیں تاکہ استعمال کرنے میں کوئی مشکل پیش نا ہو۔

فی الحال اس کی سہولت  صرف برینڈز بیگ اور والٹ کے لئے فراہم کی گئی ہے تاہم دیگر چیزوں کی شناخت کے لئے بھی جلد متعارف کی جائے گی۔


مزید خبریں :