پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2017

’الیکشن کمیشن عدالت نہیں، نواز شریف اور زرداری کا کمیشن ہے‘

لاہور: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں بلکہ نوازشریف اور زرداری کا کمیشن ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ آج عدالت نے نوازشریف کی نظرثانی درخواست مسترد کردی ہے، ملک میں پہلی بار انصاف ہوا ہے جس پر قوم کی طرف سے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اب انصاف کی جیت ہوگی۔

ورلڈالیون کی پاکستان آمد خوش آئندہے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کی جرات نہیں تھی کہ ان کو نیچے لے آئے جب کہ نوازشریف کی کوشش تھی کی پریشرکے ذریعے مانیٹرنگ جج کوہٹایا جائے، نوازشریف نے کبھی پاکستان کے اداروں کوچلنے نہیں دیا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے سارے رکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، خورشید شاہ، نوازشریف اورشہبازشریف پرکرپشن کے کیسز ہیں، نیب میں ان کے خلاف 15 سے20 کیسز ہیں، نیب نے کبھی کچھ نہیں کیا لہٰذا چیرمین نیب کا تقرر سپریم کورٹ کو کرنا چاہیے۔

الیکشن کمیشن مافیا کے ہاتھ میں ہتھیار ہے، عمران خان

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کی کرپشن کی بات کرو تو یہ اداروں کے ذریعے انتقامی کارروائیاں کراتے ہیں، میری کون سے چیز تھی جو الیکشن کمیشن کو نہیں معلوم تھی، کیا وجہ ہے بار بار الیکشن کمیشن میں گھسیٹ رہے ہیں، الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں، نوازشریف اور زرداری کا کمیشن ہے، یہ الیکشن کمیشن نہیں مافیا کے ہاتھ میں ہتھیار ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اورنہ کوئی معافی مانگی ہے، پاناما کیس لڑنے کی وجہ سے سزادی جارہی ہے اور بلیک میل کیا جارہا ہے لیکن اب شریفوں کا وقت ختم ہوگیا، فیصلہ کریں یا یہ جمہوریت ہے یا بادشاہت ہے۔

ورلڈ الیون کا میچ نہیں دیکھا، پہلے این اے 120 کا میچ کھیلنے دو، 
چیرمین تحریک انصاف

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ والوں نے لوگوں کو نشانہ بنانے کے لیے  اداروں کو استعمال کیا، ججز کو خریدا اور عدالت پر ڈنڈے اٹھائے، ان کی اصل جگہ اڈیالا جیل ہے۔ چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری ریلی میں شرکت کرنے پرلاہورکے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، این اے 120 میں مسلم لیگ (ن) کا قائم کردہ خوف اب اٹھ گیا ہے، (ن) لیگ نے پولیس اورغنڈوں کے ذریعے این اے 120 میں خوف طاری کیا ہوا ہے۔

چیرمین تحریک انصاف نے ورلڈالیون کی ٹیم کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح امن وامان کی صورتحال ٹھیک ہوجائے گی اور ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔

میچ دیکھنے سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے ورلڈ الیون کا میچ نہیں دیکھا، پہلے این اے 120 کا میچ کھیلنے دو۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ کیا مریم نواز ڈپٹی پرائم منسٹر ہیں کہ وہ کابینہ کا اجلاس کرتی ہیں، مریم نواز کی قابلیت کیا ہے؟ ایم اے انگلش، یہاں ایک اینٹ اٹھاؤ توآپ کو ایم اے انگلش مل جائے گا، مریم نواز کس حیثیت سے میڈیا سیل چلاتی ہیں اور بیوروکریسی کو حکم دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثارنے مریم سے متعلق بلکل درست کہا، مگر پہلے بات کیوں نہیں کی۔

مزید خبریں :