پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2017

ساڑھے چارسال نوازشریف کے خلاف سازشیں ہوئیں، مریم نواز

لاہور: سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ساڑھے چار سال میاں صاحب کے خلا ف سازشیں ہوئیں اور اس عرصے میں کبھی دھاندلی، کبھی دھرنے اور کبھی پاناما ہوا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی لاہور کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے امیدواروں کی مہم زورو شور سے جاری ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے اس حلقے میں کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ تحریک انصاف نے یاسمین راشد اور پیپلزپارٹی نے فیصل میر کو میدان میں اتارا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور ان کی مہم مریم نواز چلارہی ہیں۔

لاہور میں انتخابی مہم کے دوران خواتین کارکنوں سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ این اے 120 میں میرا شاندار استقبال نواز شریف سے محبت کا اظہار ہے اور آپ نے جس طرح میرا ساتھ دیا، اس کا بدلہ نہیں چکا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال میاں صاحب کے خلا ف سازشیں ہوئیں اور اس عرصے میں کبھی دھاندلی، کبھی دھرنے اور کبھی پاناما ہوا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کے منتخب وزیراعظم کو اس بات پر نکالا گیا کہ اس نے بیٹے سے تنخواہ کیوں لی، اگر آپ کو احتساب کے نام پر انتقام منظور نہیں تو پھر 17 ستمبر کو شیر کے لیے نکلو گے۔

مزید خبریں :