پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2017

چین کے ساتھ مل کر سی پیک کیخلاف دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائیں گے، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین مل کر دشمنوں کی سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

جیونیوز کےمطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور چینی سفیر سن وی ڈونگ کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی راہداری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید خطوط پر تربیت دینے سے متعلق باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر چینی سفیر نے سی پیک منصوبوں کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چینی سفیر سے گفتگو میں وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات دو طرفہ خیرسگالی اوراقتصادی ودفاعی تعاون پر استوار ہیں اور پاک چین راہداری دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی علامت ہے، پاکستان اور چین مل کر دشمنوں کی سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سی پیک کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، ایف سی بلوچستان کو شمالی اور جنوبی زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔