پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2017

عمران خان کو سیاست سیکھنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

سکھر: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ عمران خان کو کرکٹ تو آتی ہے لیکن انہیں سیاست سیکھنے کی ضرورت ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آئی جی پولیس کے ساتھ کوئی معاملات نہیں تھے، البتہ ان سے متعلق فیصلے پرتحفظات ہیں لیکن عدالت کے حکم پر عمل کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ کا معاملہ میڈیا نے اٹھایا، آگے بھی یہی سب ہوگا تاہم یہ معاملات انتظامی ہیں، اس پر قانونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں امن کی صورتحال باقی صوبوں سے بہتر ہے، کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں انٹرنیشنل میچز کرائے جائیں، کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کے لیے پی سی بی سے رابطہ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جلسے کیے تو کچھ لوگ آگئے، انہیں لگا کہ پورا ملک ان کے ساتھ ہے جب کہ ایسا نہیں ہے، عمران خان کو کرکٹ تو آتی ہے مگر سیاست کرنا ابھی سیکھنا ہے، انہیں ابھی سیاست سیکھنے کی ضرورت ہے اور وہ جلد سیاست سیکھ جائیں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور پی ٹی آئی نے سندھ سے چند نشستیں جیتیں مگر وہ اس سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج پر ہمارا موقف واضح ہے۔

مزید خبریں :