پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2017

سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترا، مریم نواز

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی بھی طرح انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترا۔

جیونیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان طلعت حسین سے خصوصی انٹرویو میں مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی بھی طرح انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترا اور دنیا اس فیصلے پر حیران ہے جب کہ ہمیں فئیر ٹرائل کا موقع نہیں ملا۔

مریم نواز نے کہا کہ کورٹ کے جواب میں جواب بھی ہے اور سوال بھی ہے، ڈیڑھ سال سے جو سلوک روا رکھا گیا اس کے بعد انصاف کی امید رکھنا زیادہ ممکن نہیں تھا تاہم نظر ثانی کی پٹیشن قانونی تقاضا تھا اور انہی توقعات کے ساتھ ہم نے سوچا کہ نظام عدل کو ایک بار پھر آزمالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ڈیڑھ سال میں بدترین میڈیا ٹرائل اور بدترین عدالتی ٹرائل ہوا، ہم نظام میں رہ کر نظام سے لڑے اور اپنے حق کے لیے لڑے، ہم نے احتساب کے نظام پر انتقام کا سامنا کیا ہے، ڈیڑھ سال ہم چپ رہے، اب بول رہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں۔

ڈان لیکس سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ’میرے ذاتی خیال میں ڈان لیکس کی حقیقت کو سامنے آنا چاہیے تھا‘۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے چار سال میں کچھ ایسے سمجھوتے کیے جو انہیں نہیں کرنے چاہیے تھے۔

مریم نواز کا تفصیلی انٹرویو جیونیوز پر آج رات نشر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :