والد کو بہت تکلیف دی اس لیے نہیں چاہتا کہ بیٹا مجھ پر جائے، سنجے دت

ممبئی: بالی وڈ اسٹار سنجے دت نے کہا کہ انہوں نے اپنے والد کو بہت تکلیف دی ہے اس لیے وہ نہیں چاہتے کہ ان کا بیٹا ان پر جائے۔

سنجے دت کا شمار فلم نگری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں ، ان کا کیرئیر متعدد بار زوال پذیر ہوا ہے اور یہی نہیں ان کی ذاتی زندگی میں بھی نشیب و فراز آئے ہیں۔

سنجوبابا ساڑھے تین سال قید کی سزا پوری کرنے کے بعد جیل گزشتہ سال رہائی پاچکے ہیں اور فیملی کے ساتھ طویل وقت گزارا ہے جب کہ وہ سلور اسکرین پر فلم ’’بھومی‘‘ کے ذریعے واپسی کررہے ہیں۔

سنجے دت نے جیل سے رہائی کے بعد پہلی بار مقدمے، سزا، جیل میں گزرے دن اور اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے تفصیلی انٹرویو دیا ہے ۔

بھارتی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کا کسی کو احساس نہیں ہوتا لیکن جب یہ چھینی جاتی ہےتو پھر احساس ہوتا ہے۔

سنجے دت نے ممبئی بم دھماکوں سے متعلق کہا کہ وہ اس صورتحال پر کسی کو الزام نہیں دے سکتے، یہ بہت خطرناک بات ہے کہ کسی کو کہیں کہ وہ دہشت گرد حملے میں ملوث ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی جیلیں مجرم بنانے کی یونیورسٹیاں بن گئی ہیں۔

فلمی دنیا میں واپسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ جیل سے واپسی کے بعد پہلی بار سیٹ پر کیمرے کے سامنے گیا تو خود پر قابو نہیں رکھ سکا تھا جس پر ہدایت کار سے اکیلے رہنے کے لیے 10 منٹ کا وقت مانگا تھا اور والدین کے بارے میں سوچتا رہا۔

اداکار نے کہا کہ انہوں نے والد کو بہت تکلیف دی ہے اس لیے نہیں چاہتے کہ ان کا بیٹا بھی ان پر جائے۔

جیل میں بچوں کے خیال سے متعلق سوال پر سنجے دت کا کہنا تھا کہ  جب جیل گیا تو بچے چھوٹے تھے اور ان کو اتنا علم نہیں تھا یہی وجہ تھی کہ اہلیہ کو چاہتے ہوئے بھی بچوں کو ملاقات کے لیے لانے سے منع کردیا تھا کیوں کہ نہیں چاہتا تھا کہ میرے بچے مجھے قیدی والے لباس میں دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے بڑے ہوئے تو اپنی ماں سے پوچھنا شروع کردیا تھا کہ پاپا کہاں ہیں جس پر ان سے جھوٹ بولنا پڑتا تھا کہ شوٹنگ مصروف ہیں جب کہ جیل میں فون کی سہولت ملنے پر جب گھر فون کرتا تو بچوں سے بہانے کرتا تھا کہ شوٹنگ کرتے ہوئے پہاڑوں سے اتر کر آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی پر بننے والی فلم میں اچھائی ہی نہیں برائیاں بھی سامنے آئیں گی اور انہوں نے راج کمار ہیرانی سے بھی سب دکھانے کا کہا ہے۔

مزید خبریں :