پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2017

عائشہ گلالئی سیٹ چھوڑ کر الیکشن لڑکر دکھائیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ عائشہ گلالئی کی کوئی حیثیت نہیں وہ سیٹ چھوڑ کر الیکشن لڑ کر دکھائیں۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے ٹی وی پر آکر سب کے سامنے تحریک انصاف چھوڑنے کا کہا لیکن وہ اتنے جھوٹ بول چکی ہیں کہ ان کی وجہ سے انگریزی کی ڈکشنری بھی تبدیل ہوگئی ہے جب کہ ان کے جھوٹ کا اندازہ میڈیا خود بھی لگا سکتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عائشہ گلالئی کی گفتگو غیر سنجیدہ ہے اور اس پر بات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں جب کہ عائشہ کی کوئی حیثیت نہیں وہ سیٹ چھوڑ کر الیکشن لڑ کر دکھائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے شریف خاندان کی نیب میں عدم پیشی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب میں غیر حاضری کی سزا تین سال قید ہے، شریف خاندان اپنے معاملات کا جواب نہیں دینا چاہتا، جے آئی ٹی میں بہت ثبوت ہیں اور شریف خاندان انہیں نظر انداز کررہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں اور ہر جگہ پیش ہوتے ہیں، لیکن ہمارا نکتہ ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت ہے یا انتظامی اندازہ، اگر انتظامی ادارہ ہے تو اس کے پاس توہین عدالت کا اختیار نہیں اور اس کا فیصلہ ہائیکورٹ جلد کرے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ریفرنسز کے معاملے پر سپریم کورٹ کے مانیٹرنگ جج کو نوٹس لینا چاہے اور احسن اقبال کو عدالت میں طلب کرکے پوچھنا چاہیے کہ وہ کس ایما پر الزامات لگارہے ہیں۔

مزید خبریں :