پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2017

گورنر سندھ محمد زبیر کا بھتے کی پرچی ملنے کا انکشاف

کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے انکشاف کیا ہےکہ انہیں بھی بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی میں امن وامان ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور ماضی کا کراچی قتل و غارت گری کے واقعات میں گھرا ہوا تھا لیکن اب شہر کی صورتحال پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہر میں امن کے لیے رینجرز کی خدمات کو سراہتے ہیں، ہم شہر کو مزید پرامن بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں معاشی سرگرمیاں ابھر رہی ہیں ہیں، یہاں سرمایہ کاری اور کاروبار کے زیادہ مواقع ہیں جب کہ کراچی پیکج کو آگے بڑھائیں گے اور پیکیج کا کسی سیاسی جماعت کو ایک پیسا نہیں دیا جائے گا، پیکیج کے معاملے پر اسیٹرنگ کمیٹی بنا دی ہے۔

گورنر سندھ نے  کہا ایک وقت تھا جب کراچی میں کوئی بھی بھتے سے محفوظ نہیں تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 2010 میں انہیں بھی بھتے کی پرچی ملی تھی، پرچی ملنے پر ایک وزیر دوست کو مسئلہ حل کرانے کو کہا۔

واضح رہےکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ماہ اگست میں کراچی کا پہلا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے شہر کے لیے 25 ارب کے پیکیج کا اعلان کیا تھا جس میں 5 ارب حیدرآباد کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :