پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2017

'وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں، اس بیانیے سے دنیا میں پاکستان کا تماشا نہ بنائیں'


سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں انہیں کس نے روکا ہے لیکن اس بیانیے سے پاکستان کا دنیا میں تماشا نہ بنائیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے گزشتہ روز گھر کی صفائی سے متعلق دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ گھر کی صفائی پر کسی کو اعتراض نہیں لیکن ایسے بیانات سے دشمن کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ وزیراعظم کو گھر کی صفائی سے کس نے روکا ہے تاہم اس قسم کے بیانیے سے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھی کمزور ہوتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسے بیانات سے گریز کریں جس سے دشمن طاقتوں کا پاکستان مخالف بیانیہ مضبوط ہو۔

چوہدری نثار نے کہا کہ حکومتی ذمے دار مسئلے کو بیانات کا حصہ بناتے ہیں تو دشمن کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے، میری بات پر شک ہے تو خواجہ آصف کے بیان پر بھارتی میڈیا کے تبصروں کا جائزہ لیا جائے۔


انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندو انتہا پسند دہشت گرد تنظیمیں ڈھٹائی سے اپنے مکروہ عزائم میں کمربستہ ہیں جہاں غیر ملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے اور مسلمانوں کو گائے کی بے حرمتی کے نام پر قتل کر دیا جاتا ہے لیکن کبھی بھارتی حکومت یا ان کے سیاستدانوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر بھی مسائل ہیں لیکن حکومت کو چاہیے کہ بیانات کے بجائے عملی کام پر توجہ دیں۔

چوہدری نثار نے کہا کہ پچھلے چار سال میں جتنی گھر کی صفائی کی اس کی مثال نہیں ملتی اور اب بھی بہت سا کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی کے بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بیان دیا تھا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات غلط ہیں لیکن ہمیں اپنا گھر بھی درست کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ وہ خواجہ آصف کے بیان کی حمایت کرتے ہیں اور ان کا بھی مؤقف ہےکہ اپنے گھر کی صفائی ہونی چاہیے۔



مزید خبریں :