پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2017

ایسے کوئی خطرات نہیں جو کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کےعلم میں نہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسے کوئی خطرات نہیں جو کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کےعلم میں نہیں۔

انہوں نے یہ بات چیرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس کے دوران کہی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومتی ریاستی ادارے باخبر ہیں، کوئی ایسا4 رکنی انتظامی فورم نہیں جہاں اس طرح کے خطرات کی بات کی جاتی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سےاعلی سطحی کمیٹی قومی سلامتی کمیٹی ہے جس کا باقاعدگی سےاجلاس ہوتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کوئی ایسی خبر نہیں جو کسی کے پاس نجی حیثیت میں ہو، کوئی ایسی چیز نہیں جس کا سرکاری عہدے پر فائر فرد کو علم نہیں۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ ریاست کو تباہ کرنے کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔

انہوں نے چوہدری نثار کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ شاید جنرل قمر جاوید باجوہ کو ان خطرات کا علم ہو لیکن نئے وزیراعظم کو علم نہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ کو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے۔

چوہدری نثار کا بیان

خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ’ملک شدید خطرات سے دوچار ہے، ہمیں گھیرا جارہا ہے، صرف چند لوگ ہی اس بارے میں جانتے ہیں جن میں میں ہوں، وزیراعظم اور دو فوج کے لوگ ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اردگرد گہرے بادل منڈلا رہے ہیں اور ملک کو درپیش خطرات کا مقابلہ متحد ہوکر کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :